چیف منسٹر کے سی آر 16 اگسٹ کو آغاز کریں گے
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے دلت بندھو اسکیم کا حضور آباد منڈل میں شالا پلی سے آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسی مقام سے ریتو بندھو اسکیم کا 2018 میں آغاز کیا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ حکومت نے دلتوں کو بااختیار بنانے کی اسکیم کا حضورآباد سے پائلٹ بنیادوں پر آغاز کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ چیف منسٹر نے ‘ بتایا جاتا ہے کہ ‘ اسی گاوں سے اس اسکیم کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں سے ریتو بندھو اسکیم شروع کی گئی تھی ۔ ریاستی وزراء گنگولا کملاکر اور کے ایشور نے ضلع کلکٹر آر وی کرنن اور کمشنر پولیس وی ستیہ نارائنا و دیگر عہدیداروں کے ہمراہ آج شالاپلی میں جلسہ کے مقام کا معائنہ کیا ۔ امید کی جا رہی ہے کہ 16 اگسٹ کو اس اسکیم کی افتتاحی تقریب میں ایک لاکھ دلت افراد شرکت کرینگے ۔
چیف منسٹر کے سی آر کا آج بھونگیر کے واسالامری گاؤں کا دورہ
حیدرآباد/3 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل 4 اگسٹ کو بھونگیر کے واسالامری گاؤں کا دورہ کریں گے۔ چیف منسٹر نے اس گاؤں کو ترقی دینے اڈاپٹ کیا ہے۔ حال ہی میں چیف منسٹر نے واسالا مری کا دورہ کرکے گاؤں والوں کے ساتھ اجتماعی لنچ کیا تھا۔ بعد میں گرام سبھا کا اہتمام کرکے ترقی کیلئے اعلانات کئے گئے۔ چیف منسٹر نے گاؤں والوں کو تیقن دیا تھا کہ وہ 20 مرتبہ گاؤں کا دورہ کرکے ترقیاتی اور فلاحی کاموں کا جائزہ لیں گے۔ عوام سے وعدہ کے مطابق وہ چہارشنبہ کو واسالامری پہنچ رہے ہیں۔ اس سے قبل 9 جولائی کو انہوں نے دورہ کا منصوبہ بنایا تھا لیکن لمحہ آخر میں ملتوی کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر واسالامری کے دلت واڑہ کا دورہ کریں گے اور رعیتو ویدیکا میں 130 کسانوں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے۔ چیف منسٹر کے دورہ کے سلسلہ میں عہدیداروں نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ضلع کے وزراء، عوامی نمائندوں اور حکام نے انتظامات کو قطعیت دی۔