حیدرآباد۔ ڈی جی پی مہیندر ریڈی نے بھونگیر پہنچ کر اڈا گڈور پولیس اسٹیشن کے لاک اَپ میں فوت دلت خاتون مریماں کے پسماندگان سے ملاقات کی اور پولیس سے ہر ممکن انصاف فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر ڈی جی پی خاتون کے پسماندگان اور ہاسپٹل میں زیر علاج فرزند سے ملاقات کیلئے پہنچے۔ انہوں نے زخمی فرزند کے بہتر علاج کیلئے ڈاکٹرس کو ہدایت دی۔ ڈی جی پی نے واقعہ پر افراد خاندان سے تفصیلات حاصل کیں۔ بعد میں میڈیا سے ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس عوام کی عزت نفس اور جانوں کے تحفظ کیلئے کام کرتی ہے۔ تلنگانہ میں فرینڈلی پولیسنگ کا ماحول جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مریماں کی ہلاکت کے ذمہ دار پولیس ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ ملزمین کی گرفتاری میں پولیس کو تحمل سے کام لینا چاہیئے۔ واضح رہے کہ 18 جون کو اڈا گڈور پولیس میں سرقہ کے الزام میں دلت خاتون اور اسکے فرزند کو لایا گیا۔ اذیت رسانی سے خاتون کی موت واقع ہوگئی جبکہ فرزند کا دواخانہ میں علاج جاری ہے۔ چیف منسٹر نے خاتون کے فرزند کیلئے 15 لاکھ روپئے کی امداد، سرکاری ملازمت اور اراضی پٹہ کا اعلان کیا جبکہ دو لڑکیوں کیلئے فی کس 10 لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا گیا۔