حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : پرورش کرنے والی خاتون مالکین کو دنبہ نے ہلاک کردیا ۔ اکثر جانور وفادار ہوتے ہیں ۔ ہمیشہ مالکین کے تئیں اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں ۔ بعض اوقات مالکین کی زندگی بچانے کے لیے اپنی زندگیاں بھی قربان کردیتے ہیں لیکن ضلع جوگولامبا گدوال کے ایٹکیال منڈل میں واقع یکنا پورم موضع میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا ۔ مقامی عوام اور ارکان خاندان کی تفصیلات کے بموجب بی چٹیا اماں اور اس کے شوہر راموڈو 6 ماہ سے تین دنبوں کی پرورش کررہے ہیں ۔ ہمیشہ کی طرح چٹیا اماں دنبوں کو اپنے کھیت لے گئی ۔ کھیت کے پاس موجود مچھلیوں کے افزائش تالاب کے پاس چٹیا اماں کھڑی تھی پیچھے سے ایک دنبہ نے زور دار دھکا دے دیا جس پر یہ خاتون تالاب میں گر گئی ۔ مقامی عوام کے تالاب پہونچکر چٹیا اماں کو پانی سے باہر نکالا تب تک اس کی موت واقع ہوگئی ۔ یہی دنبہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران دونوں میاں بیوی پر حملہ کرچکا تھا جس سے وہ معمولی زخمی بھی ہوئے تھے ۔ صحیح قیمت وصول ہونے پر فروخت کرنے کے بارے میں سونچ ہی رہے تھے کہ یہ واقعہ پیش آیا ۔۔ ن