دنیا بھر میں سولار انرجی تیاری کے رجحان میں غیر معمولی اضافہ

   

چین اور امریکہ پہلے اور دوسرے نمبر پر، ہندوستان کو تیسرا مقام حاصل، آلودگی پر قابو پانے میں اہم رول
حیدرآباد۔ یکم؍ مارچ (سیاست نیوز) دنیا بھر میں برقی کی تیاری کے متبادل ذرائع تلاش کئے جارہے ہیں جن میں سولار انرجی کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہوئی ہے۔ برقی پیداوار کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ میں سولار انرجی کا اہم رول ہے لہذا تمام ترقی یافتہ ممالک سولار پاور پروڈکشن پر توجہ مبذول کرچکے ہیں۔ برقی کی تیاری میں مصارف کی کمی حکومتوں کے لئے اہمیت کی حامل ہے۔ ایسے میں کم اخراجات کے ذریعہ سولار انرجی کی تیاری کے ذریعہ برقی طلب کی تکمیل کی جاسکتی ہے۔ کئی ممالک نے عوامی ضروریات کی تکمیل کے لئے سولار برقی پلانٹس کے قیام کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ ملٹی نیشنل کمپنیاں اپنی برقی طلب کی تکمیل کے لئے سولار انرجی پر انحصار کررہی ہیں تاکہ سرکاری سطح پر برقی کی سربراہی اور اضافی اخراجات سے بچا جاسکے۔ حالیہ عرصہ میں سروے کے مطابق سولار برقی تیاری میں چین دنیا بھر میں پہلے مقام پر ہے جبکہ امریکہ دوسرے اور ہندوستان کو تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ جاپان اور برازیل چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔ 2024 میں سولار برقی تیاری میں 20 ٹیرا واٹ کا اضافہ ہوا ہے۔ گلوبل الیکٹریسٹی ریویو 2025 کے مطابق گزشتہ ایک سال میں سولار برقی انرجی میں 18 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔ عالمی سطح پر 29 فیصد کے اضافے سے سولار برقی انرجی کی جانب سرکاری اور عوامی شعبہ جات کے رجحان کا اندازہ ہوتا ہے۔ دنیا بھر میں تیار کی جانے والی سولار انرجی میں 10 فیصد حصہ داری دنیا کے 42 ممالک کی ہے۔ ایک اندازہ کے مطابق چین میں سولار انرجی 834 ٹیرا واٹ تیار کی جاتی ہے جبکہ امریکہ 303 ٹیرا واٹ برقی تیار کرتا ہے۔ ہندوستان میں سولار انرجی کی تیاری 134 ٹیرا واٹ ہے۔ جاپان میں 102 اور برازیل میں 75 ٹیرا واٹ برقی کی تیاری عمل میں آتی ہے۔ دنیا بھر میں آلودگی کے خلاف شعور بیداری مہم کے دوران ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک نے سولار انرجی کو روایتی برقی تیاری کے متبادل کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ 1