دنیا میں سب سے زیادہ ہتھیار خریدنے والے ممالک

,

   

اسٹاکہوم ۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سویڈش ادارے اسٹاکہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ ہتھیار سعودی عرب خرید رہا ہے۔ آسٹریلیا حیران کن طور پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ چین اور بھارت بھی اس دوڑ میں آگے ہیں۔سویڈن کے بین الاقوامی تھنک ٹینک سپری کی تازہ رپورٹ کے مطابق آسڑیلیا سن دو ہزار سترہ میں چوتھی پوزیشن پر تھا جبکہ 2018ء میں یہ دنیا کا ہتھیار خریدنے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔ اے بی سی نیوز چینل کی رپورٹوں کے مطابق آسٹریلیا نے 50 ارب آسٹریلوی ڈالر مالیت کے جنگی جہاز اور آبدوزیں خریدی ہیں۔آسٹریلیائی حکومت کے مطابق انہیں ‘علاقائی خطرے‘ کے باعث ہتھیاروں کی درآمدات میں اضافہ کرنا پڑا ہے۔ اس فہرست میں سعودی عرب اب بھی پہلے نمبر پر ہے۔ سعودی عرب خطے میں اپنی برتری قائم کرنا چاہتا ہے اور اس نے اسی وجہ سے حالیہ چند برسوں سے ہتھیاروں کی خریداری میں اضافہ کر رکھا ہے۔ سعودی عرب ہمسایہ ملک یمن میں بھی فوجی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور اسے یمنی حوثی باغیوں کے مسلسل حملوں کا سامنا ہے۔جاری ہونے والی اس رپورٹ کے مطابق سن دو ہزار سترہ میں چین ہتھیار خریدنے والے ممالک کی فہرست میں چھٹے نمبر پر تھا لیکن سن دو ہزار اٹھارہ میں یہ تیسری پوزیشن پر آ گیا ہے۔ چین اور پاکستان کا ہمسایہ ملک بھارت دوسرے نمبر سے چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔جو ممالک ہتھیار فروخت کر رہے ہیں، ان میں سرفہرست امریکا ہے جبکہ دوسرے نمبر پر روس ہے۔ ان کے بعد فرانس اور جرمنی دو ایسے یورپی ممالک ہیں، جو ہتھیاروں کی برآمدات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ دونوں ممالک بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔ پانچویں نمبر پر اس مرتبہ اسپین آیا ہے۔ سن دو ہزار سترہ میں ہتھیار برآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں یہ نویں نمبر پر تھا۔