دنیا میں 41.66لاکھ لوگ کوروناسے متاثر، 2.84 لاکھ اموات

,

   

امریکہ بدستور بدترین متاثرہ ملک ،اسپین کا دوسرا نمبر ، جرمنی میں 24گھنٹے میں کوئی نیا کیس نہیں

بیجنگ / جنیوا / نئی دہلی 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کوروناوائرس وبا کا قہر مسلسل بڑھتا جا رہا ہے اور پوری دنیا میں اب تک 41 لاکھ سے زیادہ لوگوں میں کورونا انفیکشن کی تصدیق ہوچکی ہے ۔امریکہ کی جان ہاپکنس یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سینٹر (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر کے 187 ممالک اور علاقوں میں اب تک 4166095 لوگ اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں اور 284640 لوگوں کی اس سے موت ہو چکی ہیں۔ہندوستان میں بھی کوروناوائرس کا انفیکشن کافی تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب یہ 50 ہزار سے زائد منتقلی کی تعداد والے ممالک کی فہرست میں 13 ویں نمبر پر آگیا ہے ۔ ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3604 نئے کیس سامنے آئے ہیں اوریہ 70 ہزار کے ہندسے سے تجاوز کرگئی ہے ۔ صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے منگل کی صبح جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس کے انفیکشن سے اب تک 70756 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 2293 لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔ ملک میں اب تک 22455 لوگ مکمل طور ٹھیک بھی ہو چکے ہیں۔سی ایس ایس ای کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کوروناوائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور یہاں سب سے زیادہ 13 لاکھ سے زیادہ انفیکشن کے معاملے سامنے آئے ہیں۔دنیا کی سپر پاور سمجھے جانے والے امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس انفیکشن کے 17948 نئے کیس سامنے آئے ہیں، جس کے بعد کل متاثرین کی تعداد 1347151 ہوگئی۔ اسی مدت میں 850 لوگوں کی موت کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 80378 ہو گئی۔یوروپ کے شدید متاثر ملک اٹلی میں اس وبا کی وجہ سے اب تک 30739 لوگوں کی اموات ہوئی ہیں اور اب تک 219814 لوگ اس متاثرہ ہوئے ہیں۔ اسپین کووڈ ۔19کے انفیکشن سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ یہاں اب تک 227436 لوگ اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 26744 لوگوں کی اس کی وجہ سے موت ہو چکی ہے ۔اس عالمی وبا کے مرکز چین میں اب تک 82919 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 4633 اموات ہوئی ہے ۔ اس وائرس کے تعلق سے تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہونے والی اموات میں 80 فیصد کیس 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے تھے ۔یورپی ملک فرانس اور جرمنی میں بھی حالات کافی خراب ہیں، اگرچہ جرمنی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوروناانفیکشن کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا ہے ۔ فرانس میں اب تک 177547 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 26643 لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔ جرمنی میں کوروناوائرس سے 169575 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 7417 لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔اس کے علاوہ برطانیہ میں بھی حالات مسلسل خراب ہوتے جا رہے ہیں۔