نیویارک ؍ پیریس؍ نئی دہلی: مختلف ممالک میں فضائی معیار کا جائزہ لینے والی سوئٹزرلینڈ کی فرم کی ایک رپورٹ میں سامنے آیا ہے کہ دنیا کے زیادہ تر حصے کی فضا آلودہ ہے اور صرف 17 فی صد شہر فضائی معیارات پر پورا اترنے میں کامیاب ہوئے ہیں جب کہ آلودہ ترین ممالک کی فہرست میں پاکستان تیسرے نمبر پر آ چکا ہے۔ سوئٹزرلینڈ کی ایئر کوالٹی مانیٹرنگ فرم ‘آئی کیو ایئر’ نے منگل کو سالانہ رپورٹ جاری کی ہے جس میں 138 ممالک کے 40 ہزار ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ ’آئی کیو ایئر‘ کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 میں افریقی ملک چاڈ اور جنوبی ایشیائی ملک بنگلہ دیش سب سے زیادہ آلودہ ممالک میں بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر رہے ہیں جہاں اوسط اسموگ کی سطح عالمی ادارہ صحت کے تجویز کردہ معیار سے 15 گنا زیادہ تھی۔ آلودہ ترین ممالک کی فہرست میں پاکستان تیسرے، ڈیموکریٹک ری پبلک آف کانگو چوتھے اور بھارت پانچویں نمبر پر رہا جب کہ نئی دہلی دنیا کے آلودہ ترین دارالحکومتوں میں سرِ فہرست رہا ہے۔
نیوزی لینڈ کا یوکرین میں ممکنہ جنگ بندی کا خیرمقدم
آکلینڈ ؍ (سید مجیب کی رپورٹ) : نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے یوکرین اور امریکہ کے درمیان ممکنہ جنگ بندی کے معاہدہ کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس مثبت قدم پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور یوکرین کے صدر زیلنسکی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ہم امریکہ اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کے میزبان کے طور پر سعودی عرب کے کردار کو بھی تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گیند اب روس کے کورٹ میں ہے۔ ہم آئندہ ہفتہ واشنگٹن میں مارکو روبیو کے ساتھ جاری پیشرفت پر بات چیت کے منتظر ہیں۔