دنیا کے تیز رفتار ترقی کرنے والے 10 شہروں میں حیدرآباد کو 5 واں مقام‘ بنگلورو سر فہرست

   

2033 ء تک معاشی ترقی کے مراکز میں دہلی اور ممبئی شامل

حیدرآباد 21 اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد نے معاشی ترقی کے شعبہ میں دنیا کے تیز رفتار ترقی کرنے والے شہروں میں اپنا مقام بنالیا ہے۔ ملک میں بڑے شہروں کی تیز رفتار ترقی اور 2033 ء تک شہروں میں ترقیاتی سرگرمیوں سے متعلق سروے میں حیدرآباد کو دنیا کے 10 منتخب بڑے شہروں میں پانچواں مقام ملا ہے۔ Savills گروتھ ہبس انڈیکس نے دنیا کے 10 بڑے شہروں کا انتخاب کیا جو وہاں کی آبادی، عوام کی معیشت اور دیگر اُمور کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ انڈیکس میں جن 10 شہروں نے جگہ بنائی ہے اُن میں ہندوستان سے 4 شہر شامل ہیں۔ سروے کے مطابق 2033 ء تک تیز رفتار معاشی ترقی کے ذریعہ بنگلور دنیا کا پہلا شہر بن جائیگا۔ دوسرے نمبر پر ویتنام کا شہر ہوچی من ہے۔ ہندوستان کا دارالحکومت دہلی تیسری نمبر پر ہے جبکہ چین کا شہر شن زین کو چوتھا مقام ملا ہے۔ حیدرآباد کو تیز رفتار معاشی ترقی کے میدان میں دنیا بھر میں پانچواں مقام حاصل ہوا۔ ویتنام کا ہنوئی شہر چھٹویں نمبر پر رہا جبکہ چین کے شہر گیانزو کو ساتویں مقام پر رکھا گیا ۔ ہندوستان کا صنعتی اور تجارتی دارالحکومت کے طور پر شناخت رکھنے والا ممبئی شہر آٹھویں نمبر پر ہے۔ فلپائن کا دارالحکومت منیلا نویں اور سعودی عرب کا دارالحکومت ریاض دسویں نمبر پر ہے۔ خانگی ادارہ نے دنیا بھر میں بڑھتی معاشی سرگرمیوں اور عوام کی انفرادی آمدنی اور اثاثہ جات کی بنیاد پر 10 بڑے شہروں کا انتخاب کیا ہے جو 2033 ء تک دنیا کے تیز رفتار ترقی یافتہ شہروں میں شمار کئے جائیں گے۔ دنیا کے 10 شہروں میں ہندوستان کے 4 شہروں کی شمولیت ملک میں تیز رفتار معاشی ترقی کی علامت ہے۔ دلچسپ بات ہے کہ تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے دارالحکومت کے طور پر شناخت رکھنے والے ممبئی کو حیدرآباد نے پیچھے کردیا ہے۔ بنگلور جو انفارمیشن ٹکنالوجی کا مرکز ہے، وہ گزشتہ ایک دہے سے سبقت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ دنیا کے تیز رفتار ترقی کرنے والے 10 شہروں میں بنگلور کو پہلا مقام حاصل ہونا ہندوستان کیلئے باعث افتخار ہے ۔ دہلی کو تیسرا اور حیدرآباد کو پانچواں مقام حاصل ہوا جو گزشتہ 10 برسوں میں آئی ٹی اور دیگر شعبہ جات میں بین الاقوامی اداروں کی سرمایہ کاری کا نتیجہ ہے۔ حیدرآباد تیزی سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے علاوہ ہیلت اور ٹورازم سیکٹر میں بھی اپنی منفرد شناخت بناچکا ہے۔ بین الاقوامی ادارہ سرمایہ کاری کے لئے حیدرآباد کو ترجیح دے رہے ہیں۔ سابق حکومتوں نے ہمیشہ انفارمیشن ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کئے۔ حیدرآباد میں کئی بین الاقوامی ادارے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کرچکے ہیں جہاں ہزاروں کی تعداد میں نوجوان برسر خدمت ہیں۔ عالمی سطح پر حیدرآباد کو پانچواں مقام حاصل ہونا یہاں کے نوجوانوں کی غیرمعمولی صلاحیتوں اور اہلیت کو ظاہر کرتا ہے۔ 1