بیجنگ: چین نے 10 سال کی منصوبہ بندی اور تعمیر کے بعد دنیا کا سب سے بڑا آبی سائنس پارک کا افتتاح کردیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق صوبہ زوہائی میں واقع اس پارک کا پورا نام ’ زوہائی چائملونگ مرین سائنس پارک‘ ہے جس کا کل رقبہ 400,000 مربع میٹر ہے جہاں 50 ہزار افراد سماسکتے ہیں۔ دنیا کے سب سے بڑی ایکوریئم میں 300 مختلف اقسام کے ایک لاکھ آبی جانور، مچھلیاں اور دیگر مخلوقات رکھی گئی ہیں۔ سائنس پارک میں 10 مختلف موضوعات پر نمائشی اشیا رکھی گئی ہیں جن میں 100 اقسام کے زندہ مونگے اور مرجان (کورال) بھی رکھے گئے ہیں۔ اگرچہ اسے 2021 میں کھولنا تھا لیکن کچھ تاخیر کیبعد اب اسے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ سائنس پارک نے دو ریکارڈ تو اپنے نام ہی کرلیے ہیں ، اول یہاں سب سے بڑی ونڈو والا ایکویریئم ہے اور دوسری جانب زندہ کورال کا سب سے بڑا ٹینک بھی ہے۔ اس پورے منصوبے میں ایک ریستوران اور ٹھہرنے کی جگہ بھی بنائی گئی ہے۔