ٹی آر ایس، اور بی جے پی امیدواروں کی کامیابی کی پیش قیاسی
حیدرآباد : دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کی رائے دہی اختتام کو پہونچنے کے ساتھ ہی چند اداروں نے اگزٹ پول جاری کرتے ہوئے ٹی آر ایس اور بی جے پی کی کامیابی کی پیش قیاسی کردی۔ تھرڈ ویژن ریسرچ اینڈ سرویس نے اگزٹ پول کے نتائج جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی آر ایس کی امیدوار ایس سجاتا بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گی اور وہ 51تا54 فیصد ووٹ حاصل کرتے ہوئے سرفہرست رہیں گی۔ جبکہ 33تا36 فیصد ووٹ حاصل کرتے ہوئے بی جے پی امیدوار رگھونندن راؤ دوسرے نمبر پر رہیں گے۔ جبکہ 8 تا 11 فیصد ووٹ کے ساتھ کانگریس کے امیدوار سی سرینواس ریڈی تیسرے مقام پر ہوسکتے ہیں۔ ساتھ ہی پولٹیکل لیباریٹری ادارہ نے اگزٹ پول کے نتائج جاری کرتے ہوئے بی جے پی کی کامیابی کی پیش قیاسی کی۔ 47 فیصد ووٹ حاصل کرتے ہوئے بی جے پی کے امیدوار رگھونندن راؤ کو پہلا مقام حاصل ہونے کی پیش قیاسی کی۔ 38 فیصد ووٹوں کے ساتھ ٹی آر ایس کی امیدوار ایس سجاتا کو دوسرا مقام حاصل ہونے اور 13 فیصد ووٹوں کے ساتھ کانگریس کے امیدوار سی سرینواس ریڈی کو تیسرا مقام حاصل ہونے کی توقع کا اظہار کیا گیا ہے ۔