دوباک کے 89 پولنگ اسٹیشنوں پر نیم فوجی دستوں کی تعیناتی‘انتخابی مہم ختم

   

حیدرآباد۔ دوباک ضمنی انتخابات میں آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے ضلع نظم و نسق نے315 پولنگ اسٹیشنوں میں 89 پولنگ اسٹیشنوں کو حساس تصور کرکے وہاں نیم فوجی دستوں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمشنر سدی پیٹ جویل ڈیوس نے اعلان کیا کہ یکم نومبر کی شام 6 بجے تا 4 نومبر شام 6 بجے تک دفعہ 144کے تحت امتناعی احکام نافذ رہیں گے۔ ایسے افراد جو دوباک حلقہ کے ووٹر نہیں ہیں ان سے خواہش کی گئی کہ وہ یکم نومبر کی شام 6 بجے سے قبل اپنے آبائی مقامات واپس ہوجائیں۔ کلکٹر سدی پیٹ بھارتی ہولیکری جو الیکشن آفیسر بھی ہیں کہا کہ آزادانہ و منصفانہ رائے دہی کیلئے تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ سی آر پی ایف کی ایک اور اے پی اسپیشل پولیس کی 3 کمپنیاں تعینات کی جارہی ہیں۔ سنگاریڈی، نلگنڈہ، محبوب نگر، وقارآباد، گدوال، نظام آباد، کاماریڈی، سوریا پیٹ، ناگرکرنول اور ونپرتی سے الیکشن اسٹاف کو حاصل کیا گیا ہے۔ رائے دہی کے دن 32 موبائیل پارٹیاں، 20 اسٹرائیکنگ فورس ٹیمیں اور 15 اسپیشل اسٹرائیکنگ فورسیس ٹیمیں پولیس کی نگرانی میں کام کریں گی اور جہاں کہیں امن و ضبط کا مسئلہ ہو روانہ کیا جائیگا۔ 10 مقامات پر چیک پوسٹس قائم کئے گئے ۔ سدی پیٹ میں ابھی تک 37.29 لاکھ روپئے ضبط کئے گئے جبکہ میدک میں انتخابات سے مربوط 20.07 لاکھ روپئے ضبط کئے گئے۔ سدی پیٹ کے 5 اور میدک کے 2 منڈلوں میں رائے دہی ہوگی۔ سدی پیٹ میں 132 اور میدک میں 41 انتخابی کیسس درج کئے گئے ہیں۔ انتخابی مہم آج شام ختم ہوگئی۔