لندن ۔4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے کہا ہے کہ ان کے کھلاڑی دورہ سری لنکا میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کسی سے بھی مصافحہ نہیں کریں گے۔ دو ٹسٹ کی سیریز کے لیے سری لنکا روانگی سے قبل روٹ سے کورونا وائرس کے حوالے سے سوال پوچھاگیا تو انگلینڈ کے کپتان نے کہا کہ دورہ جنوبی افریقہ میں پورے اسکواڈ کے بیماریوں کا شکار ہونے کے سبب ہم کم سے کم رابطے کی افادیت سے واقف ہیں اور جراثیم کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہماری طبی ٹیم نے ہمیں بہت مفید مشورے دیے ہیں۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ سیریز سے قبل انگلینڈکی پوری ٹیم پیٹ اور نزلے کی بیماریوں کا شکار ہوگئی تھی۔ جو روٹ نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملائیں گے اور مستقل ہاتھ دھوتے رہے ہیں، ابھی دورہ متاثر ہونے کا اندیشہ نہیں لیکن ہم موجودہ صورتحال پر حکام سے رابطے میں ہیں اور امید کرتے ہیں کہ دورہ منصوبے کے مطابق انجام کو پہنچے گا۔انگلینڈکی ٹیم دورہ سری لنکا مین پہلے دو پریکٹس میچ کھیلے گی جس کے بعد دو ٹسٹ میچوں کی سیریزکا آغاز ہو گا جو ورلڈ ٹسٹ چمیئن شپ کا حصہ ہے۔