دورہ پیدا پلی میں رکاوٹ ‘ ٹی آر ایس قائدین پر کشن ریڈی کی برہمی

   

حیدرآباد۔ مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ جی کشن ریڈی نے ان کے دورہ پیدا پلی ضلع میں ٹی آر ایس قائدین و کارکنوں کی جانب سے رکاوٹ پیدا کئے جانے پر برہمی کااظہار کیا ہے ۔ انہوں نے مقامی پولیس پر بھی برہمی ظاہر کی جس نے مبینہ طور پر ٹی آر ایس قائدین کی حمایت کی ہے ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مرکزی وزیر کشن ریڈی اپنے کابینی رفیق لکشمن بھائی کے ساتھ راماگنڈم میں فرٹیلائزرس کارپوریشن کا دورہ کیا ۔ تاہم مقامی رکن پارلیمنٹ وینکٹیش نیٹاکانی اور راما گنڈم رکن اسمبلی چندر نے وہاں احتجاجی دھرنا منظم کیا اور مطالبہ کیا کہ مرکزی وزیر کارپوریشن میں بیروزگار مقامی نوجوانوں کو ملازمتیں و روزگار فراہم کریں۔ اس پر جی کشن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مقامی پولیس نے بھی برسر اقتدار ٹی آر ایس قائدین کی مدد کی اور ایک گھنٹہ سے زائد سڑک پر کھڑے رہنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔