افریقی لوور آرڈر نے 243 رنز جوڑے، ہندوستانی بولروں کو مہمانوں نے 151 اوورز تک تھکایا، کلدیپ کو 4 وکٹ، انڈیا 9/0
گوہاٹی، 23 نومبر (یواین آئی ) سینورن متھوسامی کی عمدہ سنچری (109) اور مارکو یانسن کی شاندار ہاف سنچری (93) کی مدد سے جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹسٹ کے دوسرے روز اتوار کو ہندوستان کے خلاف پہلی اننگز میں 489 اسکور کئے۔ جنوبی افریقہ نے اپنے گزشتہ روز کے اسکور 247/6 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور ابتدائی دو سیشن میں غلبہ حاصل کیا۔ آخری سیشن میں ہندوستان نے واپسی کی اور مہمانوں کو آل آؤٹ کیا۔ دن کا کھیل ناکافی روشنی کے سبب قبل از وقت ختم کئے جانے سے قبل ممکنہ 6.1 اوورز میں انڈیا نے 9/0 اسکور کئے۔ آج کا دن متھو سامی اور یانسن کے نام رہا۔ دونوں نے آٹھویں وکٹ کیلئے 97 رنز جوڑتے ہوئے ہندوستان کو بہت پریشان کیا۔ متھو سامی نے 206 گیندوں کا سامنا کیا اور اپنی اننگز میں 10 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ آخرکار محمد سراج کی گیند پر متھوسامی نے پُل شاٹ کھیلا اور یشسوی جیسوال نے اُن کا کیچ لیا۔ اس دوران یانسن کی جارحانہ بیٹنگ جاری رہی۔ یانسن نے اپنے 93 رنز 91 گیندوں میں بنائے۔ انھوں نے 6 چوکے اور 7 زبردست چھکے لگائے۔ وہ آخر میں آؤٹ ہوئے، جب انھوں نے کلدیپ یادو کو سلپ میں کھیلنا چاہا لیکن گیند بیاٹ کو لگ کر وکٹوں کو جالگی۔ کلدیپ (4/115) سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے جبکہ جسپریت بومرا، سراج اور رویندر جڈیجا نے دو، دو وکٹ لئے۔ واشنگٹن سندر اور نتیش کمار ریڈی کو کامیابی نہ ملی۔ قبل ازیں پہلے سیشن میں ہندوستانی بولرز کو کوئی کامیابی نہیں ملی۔ متھوسامی اور وکٹ کیپر کائل ویرینے نے ساتویں وکٹ کیلئے 88 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی۔ دوسرے سیشن میں جڈیجا نے کائل کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو ساتویں وکٹ دلائی۔ کائل نے 122 گیندوں پر پانچ چوکے لگاتے ہوئے 45 رنز بنائے ۔اس کے بعد یانسن نے تیز رفتار رنز بنائے۔ اس دوران متھوسامی نے اپنی سنچری مکمل کی جبکہ یانسن نے بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی۔ لنچ پر جنوبی افریقہ کا اسکور 428/7 تھا اور متھوسامی (107 ناٹ آؤٹ) اور یانسن (51 ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود تھے۔ صبح میں متھوسامی اور کائل نے دن کی شروعات میں صبر و تحمل کے ساتھ بیٹنگ کی اور جنوبی افریقہ نے 102.4 اوورز میں 300 رنز عبور کئے ۔104.2 اوور میں جڈیجا کی گیند متھوسامی کے پیاڈ پر لگی اور امپائر راڈ ٹکر نے بیاٹر کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا، لیکن متھوسامی نے فوری ریویو لیا، جس سے ٹی وی امپائر کرس گفنی نے فیصلہ پلٹ دیا۔ اس کے بعد متھوسامی نے اپنی ہاف سنچری مکمل کی۔