دوسری تا دسویں جماعت نصابی کتب کی تلگو و انگریزی میں اشاعت

   

تلگو میڈیم طلبا کی سہولت کیلئے فیصلہ ۔ اردو میں کتب کی اشاعت کا کوئی تذکرہ نہیں

حیدرآباد 19 مارچ ( سیاست نیوز ) آئندہ تعلیمی سال کیلئے سرکاری اسکولس کی دوسری سے دسویں جماعت تک کی نصابی کتب دو زبانوں انگریزی اور تلگو میں شائع کی جا رہی ہیں۔ حکومت کی جانب سے منا اورو ۔ منا بڈی اسکیم کے تحت آئندہ تعلیمی سال سے سرکاری اسکولس میں انگریزی میڈیم شروع کرنے کے منصوبہ کے بعد دو زبانوں میں نصابی کتب شائع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ان کتابوں کی تیاری گذشتہ آٹھ ماہ سے چل رہی تھی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دو زبانوں پر مشتمل کتابوں کی طلبا کو دو سال تک سربراہی جاری رہنے کا امکان ہے تاہم ابھی قطعیت سے کچھ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ انگریزی ‘ ہندی اور تلگو زبانوں کی نصابی کتب کے علاوہ دوسرے مضامین کی کتب کو بھی انگلش اور تلگو میں شائع کیا جائیگا ۔ کہا گیا ہے کہ ای وی ایس اور ریاضی جیسے مضامین کی کتابیں بھی دو زبانوں میں ہونگی ۔ چھٹی تا دسویں جماعت کیلئے سماجی علوم ‘ جغرافیاء تاریخ اور سائینس کی کتب کو بھی دو زبانوں میں شائع کیا جائیگا ۔ فزکس ‘ کیمسٹری اور بیالوجی کی کتابیں بھی شائع کی جائیں گی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ان کتابوں میں ایک صفحہ پر تلگو اور دوسرے صفحہ پر انگریزی متن شائع کیا جائیگا ۔ کہا گیا ہے کہ ان کتابوں کی پرنٹنگ بھی شروع ہوگئی ہے ۔ حکومت کی جانب سے تمام مضامین کی کتابوں کو دو زبانوں میں شائع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن یہ سہولت اردو میڈیم طلبا کیلئے ہوگی یا نہیں ابھی تک اس کا کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ آیا تلگو کی طرح اردو میڈیم طلبا کیلئے بھی اردو اور انگریزی پر مشتمل دو زبانوں کی کتاب شائع کی جائے گی یا نہیں ۔ ریاست میں پہلے ہی اردو میڈیم طلبا کو نصابی کتب کا مسئلہ درپیش ہوتا ہے اور اب بھی حکومت تلگو و انگریزی زبان میں نصابی کتب شائع کرنے کا عمل شروع کرچکی ہے لیکن اردو کے تعلق سے کوئی پیشرفت ابھی تک نہیں ہوسکی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بھی اردو میں کتب کے اشاعت کے کسی منصوبہ کا کوئی تذکرہ نہیں کیا ہے ۔