دوسرے مقام کی ہندوستانی ٹیم نے درجہ بندی میں بہتری کرلی

   

دبئی ۔ 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین خاتون درجہ بندی میں دوسرے مقام پر موجود ہندوستانی ٹیم نے نہ صرف اپنامقام مزید مستحکم کرلیا ہے بلکہ تیسرے مقام پر موجود انگلینڈ کے خلاف اپنی خلیج کو مزید بڑھادیا ہے۔ متھالی راج کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم نے درجہ بندی میں 125 نشانات حاصل کرلئے ہیں اور انگلینڈ تیسرے مقام پر موجود ہونے کے علاوہ اس کے نشانات کی تعداد 122 ہے۔ ٹوئنٹی 20 درجہ بندی میں ہندوستان پانچویں مقام پر فائز ہیں جبکہ آسٹریلیائی ٹیم بہترین مظاہروں کے ذریعہ پہلے مقام پر فائز ہے۔ اس کے علاوہ ونڈے میں بھی آسٹریلیائی ٹیم کو پہلا مقام حاصل ہے اور یہ گذشتہ برس اکٹوبر میں متعارف کردہ درجہ بندی کے بعد سے وہ پہلے مقام پر ہی موجود ہے۔ ویسٹ انڈیز کو ونڈے درجہ بندی میں پانچ نشانات کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے اور وہ ساتویں مقام پر فائز پاکستان سے اونچے مقام پر موجود ہے۔ آسٹریلیا جس نے ویسٹ انڈیز میں منعقدہ آئی سی سی وومنس ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ جیتا ہے اس کی بدولت اسے انگلینڈ کے خلاف اپنی سبقت کو مزید مستحکم کرنے کا موقع ملا ہے۔