دونوں شہروں اور اضلاع میں صبح سے ہی ہلکی تا تیز بارش

,

   

محبوب نگر میں بجلی گرنے سے دو افراد کی موت، آئندہ دو دن بھی شہر میں بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد۔21۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں صبح سے ہی ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کے سبب فصلوں کو بھاری نقصانات کی اطلاعات ہیں۔ محبوب نگر میں موسلادھار بارش کے دوران بجلی گرنے کے نتیجہ میں 2افراد کی موت کی اطلاعات کی توثیق ہوئی ہے۔ شپر میں صبح سے ہی مطلع ابرآلودرہا جبکہ دوپہر کے ساتھ ہی دونوں شہروں کے تمام علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے نتیجہ میں کئی اہم سڑکوں پر ٹریفک جام کے مسائل کے علاوہ سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ 5 یوم کے دوران تمام اضلاع میں ہلکی اور تیز بارش ہوگی جبکہ شہر میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ مانسون کی آمد میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی بلکہ ریاست میں مانسون کی قبل از وقت آمد یقینی ہے۔ شہر کی اہم سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے سبب کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جی ایچ ایم سی کے ایمرجنسی عملہ کو بارش کے پانی کی نکاسی کے اقدامات میں مصروف دیکھا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوںبنجارہ ہلز ‘ جوبلی ہلز‘ یوسف گوڑہ ‘ راجندر نگر‘ بندلہ گوڑہ‘ چندرائن گٹہ ‘ فلک نما‘ بہادرپورہ‘ سرور نگر‘ کشن باغ‘ قلعہ گولکنڈہ ‘ ٹولی چوکی ‘ مانصاحب ٹینک‘ مہدی پٹنم‘ عطا پور‘ عابڈس ‘ نامپلی ‘ کوکٹ پلی ‘ بالا نگر‘ سکندرآباد‘ کوٹھی کے علاوہ دیگر علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ ملک پیٹ اور چادر گھاٹ علاقہ میں بریجس کے نیچے پانی جمع ہونے سے نہ صرف ٹریفک گھنٹوں جام رہی بلکہ کاریں تک آدھی ڈوب گئیں۔ مقامی افراد نے پھنسی ہوئی کار سے لوگوں کو نکالنے میں مدد کی۔ اضلاع نظام آباد‘ عادل آباد‘ کاماریڈی ‘ کورٹلہ ‘ محبوب نگر ‘ جئے شنکر بھوپل پلی ‘ پدا پلی کے علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ شہر حیدرآباد وسکندرآباد کے علاقوں میں دوپہر سے شام تک کے دوران مجموعی اعتبار سے 70 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ کئی دیہی علاقوں میں مسلسل بارش کے سبب سڑکیں بہہ جانے اور کسانوں کی فصلوں کو نقصان پہنچنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ محکمہ آبپاشی کی جانب سے اضلاع میں ذخائر آب اور تالابوں میں جمع ہونے والے پانی کی سطح کا جائزہ لیا جا رہاہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہیکہ وہ غیر ضروری گھروں سے نکلنے سے احتیاط کریں کیونکہ بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔3