دونوں شہروں اور اضلاع میں موسلادھار بارش ۔ درجہ حرارت میں کمی

   

عوام کو گرمی سے راحت ۔ مابعد بارش ٹریفک جام کے مسائل ۔ پرانے شہر میں کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا

حیدرآباد16 مئی (سیاست نیوز)دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی اضـلاع میں آج سہ پہر موسلادھار بارش ہوئی اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسم میںاچانک تبدیلی آگئی ۔ کچھ مقامات پر ژالہ باری کی بھی اطلاعات ہیں ۔ بارش کے نتیجہ میں شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک جام کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ ضلع راجنا سرسلہ میں بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی اور دیگر 4 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق دونوں شہروں میں دوپہر سے ہی وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا اور سہ پہر کے بعد اضلاع اور دونوں شہروں میں موسلادھار بارش شروع ہوگئی اور مسلسل گرمی سے شہریوں کو راحت حاصل ہوئی ۔ زائد از 3 ڈگری درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔ تلنگانہ کے دیگر مقامات یادادری‘ سدی پیٹ‘ کریم نگر‘ بھونگیر اور رنگاریڈی و دیگر علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رات دیر گئی بھی وقفہ وقفہ سے بارش کا امکان ہے لیکن شہر میں موسلادھار بارش کے امکانات نہیں ہیں۔ شہر میںگھن گرج اور چمک کے ساتھ تیز بارش کے دوران کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوگئی اور تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی کی جانب سے مختلف علاقوں کیلئے علحدہ کنٹرول روم قائم کرکے ان کے نمبر عوام کیلئے جاری کئے گئے ۔ بلدیہ حیدرآباد کے تحت ڈی آر ایف عملہ کو مختلف سڑکوں پر جہاں پانی جمع ہوگیا تھا یا درخت کی ٹہنیاں گرپڑی تھیں انہیں ہٹاتے اور پانی کی نکاسی کرتے دیکھا گیا۔ عثمان گنج اور بیگم بازار کی گلیوں میں گھٹنوں تک پانی جمع ہوگیا جہاں عوام کو سڑک عبور کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ بارش کے آغاز کے ساتھ ہی سکندرآباد‘ بیگم پیٹ‘ جوبلی ہلز ‘ بنجارہ ہلز‘ مادھاپور‘ و دیگر علاقوں میں ٹریفک جام ہوگئی ۔ سائبر آباد حدود میں بارش کے ساتھ ہی ٹریفک پولیس نے عوام کیلئے انتباہ جاری کرکے ٹریفک جام کے مسائل سے نمٹنے بلاضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی تاکید کی ۔ اچانک بارش کے نتیجہ میں شیخ پیٹ ‘ گچی باؤلی ‘ خیریت آباد ‘ فلم نگر‘ لکڑی کا پل ‘ پنجہ گٹہ ‘ سوماجی گوڑہ ‘ بندلہ گوڑہ ‘ فلک نما ‘ انجن باؤلی ‘ چندرائن گٹہ ‘ نامپلی اور عابڈس کی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ کئی مقامات پر گاڑیاں بند ہوگئیں۔ شاہ علی بنڈہ ‘ خلوت ‘ محبوب چوک کے علاوہ چیلہ پورہ‘ حسینی علم اور دیگر محلہ جات میں بھی پانی جمع ہونے کی شکایات ملیں ۔ اس کے علاوہ یاقوت پورہ کے کئی محلہ جات میں پانی جمع ہونے اور نالوں کے ابل پڑنے کی شکایت ملیں ۔ مئیر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی نے ماتحت عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ بارش کے پانی کی نکاسی کے بعد مین ہول کے ڈھکن کھلے نہ چھوڑیں اور جن مقامات سے پانی جمع ہونے کی شکایات ہیں ان سے فوری پانی کی نکاسی کے اقدامات کئے جائیں۔3