دونوں شہروں میں موسمی تبدیلی ، وبائی امراض میں اضافہ

   

دن میں گرمی ، شام اور رات کو سرد موسم ، عوام موسمی امراض سے پریشان
حیدرآباد۔5۔فروری(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآبا دمیں تبدیلی موسم کے نتیجہ میں وبائی امراض کا شکار ہونے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے نتیجہ میں مریضوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ماہرین صحت کے مطابق دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں دن کے اوقات میں گرمی اور شام ہوتے ہی سردی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کے نتیجہ میں عوام موسمی امراض کا شکار ہونے لگے ہیں جن میں سردی ‘ بخار‘ اعضاء شکنی ‘ نزلہ اور سردرد کی شکایات کے ساتھ مریض ڈاکٹرس سے رجوع ہونے لگے ہیں۔سرکاری دواخانوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جو مریض دواخانہ سے رجوع ہورہے ہیں ان میں بعض کو سانس لینے میں تکلیف کے ساتھ بھی رجوع ہونے لگے ہیں جن کے پھیپڑوں کا معائنہ کروانا پڑرہا ہے۔ ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے اس سلسلہ میں تاحال کوئی رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے لیکن شہر حیدرآباد کے سرکردہ سرکاری دواخانوں کے علاوہ خانگی دواخانوں میں مریضوں کی تعداد میں حالیہ عرصہ کے دوران زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹرس کا کہناہے کہ موسمی تبدیلی اور تغیرات کے نتیجہ میں پھیلنے والے ان وبائی امراض سے محفوظ رہنے کے لئے شہریوں کو صفائی کے خصوصی انتظامات کے علاوہ اپنی قوت مدافعت کو مستحکم رکھنے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ڈاکٹرس کا کہناہے کہ قوت مدافعت کو بہتر بنائے رکھنے اور صحتمند رہنے کے لئے لازمی ہے کہ رات کے اوقات میں سردی میں ہونے والے اضافہ سے محفوظ رہنے کے اقدامات کئے جائیں اور سرد موسم جو کہ نمی کے ساتھ ہے اس سے محفوظ رہیں۔ماہر اطباء نے موجودہ وبائی امراض سے محفوظ رہنے کے لئے ماسک کے استعمال بالخصوص متاثرہ افراد جن میں یہ علامات پائی جار ہی ہیں انہیں ماسک کے استعمال کا مشورہ دینے کے ساتھ ساتھ اس بات کی تاکید کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں اور اپنے ہاتھ پیر کی صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کے علاوہ صحتمند غذائوں کے استعمال کو ترجیح دیں تاکہ قوت مدافعت مستحکم رہے ۔ شہرمیں موجود بستی دواخانوں سے ان علامات کے ساتھ رجوع ہونے والوں کی تعداد بڑھنے لگی ہے۔3