سنٹرل الیکشن کمیشن فبروری کے پہلے ہفتہ میں انتخابی شیڈول جاری کرسکتا ہے ؟
حیدرآباد : سنٹرل الیکشن کمیشن کی جانب سے ریاست کے دو گریجویٹ حلقہ کونسل انتخابات کیلئے فبروری کے پہلے ہفتہ میں انتخابی شیڈول جاری کرنے کا قوی امکان ہے ۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی ، محبوب نگر گریجویٹ حلقہ کے رکن قانون ساز کونسل این رامچندر راؤ اور نلگنڈہ ، ورنگل ، کھمم گریجویٹ حلقہ کے رکن قانون ساز کونسل پی راجیشور ریڈی کی میعاد 29 مارچ کو پائے تکمیل تک پہنچ رہی ہیں ۔ اس سے قبل ان دو حلقوں کے انتخابات کرانا ہے ۔ رائے دہندوں کی قطعی فہرست تیار ہوگئی ہے ۔ پولنگ بوتھ کی نشاندہی بھی کرلی گئی ہے جس سے انتخابات کیلئے راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ سنٹرل الیکشن کمیشن فبروری کے پہلے ہفتہ میں کسی بھی وقت انتخابی شیڈول جاری کرسکتا ہے ۔ دونوں گریجویٹ حلقہ کونسل انتخابات سے متعلق قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردی گئی ہے ۔ حیدرآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر گریجویٹ حلقہ کے حدود میں جملہ 5,17,883 لاکھ ووٹ ہیں ۔ نلگنڈہ ، ورنگل اور کھمم گریجویٹ حلقہ کے حدود میں جملہ 4,91,396 ووٹ ہیں ان دونوں حلقوں میں خواتین سے دوگنا مرد ووٹرس ہیں ۔ انتخابات میں مرد ووٹرس کا فیصلہ رکن اول رہے گا ۔ نلگنڈہ ، ورنگل ، کھمم حلقہ میں مردوں کے ووٹ 3,23,377 لاکھ ہے ۔ صرف 1,67,947 لاکھ خواتین ووٹ ہیں ۔ حیدرآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر حلقہ میں مرد ووٹوں کی تعداد 3,27,727 لاکھ ہیں جبکہ خواتین ووٹرس کی تعداد 1,90,088 لاکھ ہیں ۔