کراچی۔21 ڈسمبر( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹسٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی انٹرنیشنل کیریئر کے دوسرے ٹسٹ میں دوسری سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے۔ کراچی ٹسٹ میں اپنے انٹرنیشنل کیرئیر کی تیسری اننگز کھیلنے والے 32 سالہ عابد علی نے سری لنکا کے خلاف سنچری 137 گیندوں پر 14 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی جبکہ اس ریکارڈ ساز اننگز میں انہوں نے 281 گیندوں میں 21 چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اپنی اننگز میں 174 رنز اسکور کئے ہیں۔ عابد علی انٹرنیشنل کرکٹ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے مجموعی طور پر نویں کرکٹر ہیں۔ ان سے پہلے اظہر الدین، بل پونسفورڈ، ڈاگ والٹرز، ایلون کالی چرن، گریگ بیلویٹ، سورو گنگولی،روہت شرما اور جمی نیشم بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ اس سے قبل راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹسٹ میں عابد علی نے سنچری اسکور کرکے دنیائے کرکٹ میں ونڈے اور ٹسٹ کے پہلے ہی مقابلے میں سنچری اسکور کرنے کا منفرد ریکارڈ بنایا ہے۔ واضح رہے کہ عابد علی نے اس سال مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف ونڈے کرکٹ میں اپنا پہلا مقابلہ کھیلتے ہوئے بھی سنچری اسکور کی تھی۔