دھرانی پورٹل کی تفصیلات سے غیر ملکی شہریوںکو فائدہ: ریونت ریڈی

   

کانگریس عنقریب ثبوت جاری کرے گی، بی جے پی سے تعلقات بہتر بنانے کے ٹی آر کا دورہ دہلی
حیدرآباد ۔6۔ جولائی (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ بہت جلد دھرانی پورٹل کی فائلس عوام کیلئے جاری کی جائیں گی۔ دھرانی پورٹل سے اراضی کے دستاویزات کی غیر قانونی منتقلی کے شواہد کے ساتھ پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دیا جائے گا۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ دھرانی پورٹل کے پس پردہ ایک بڑا مافیا سرگرم ہے۔ عوام کو بظاہر خانگی کمپنی دکھائی دے رہی ہے لیکن دھرانی پورٹل کی بے قاعدگیوں پر کانگریس پارٹی دستاویزی شواہد منظر عام پر لائے گی۔ انہوں نے مرکزی وزیر کشن ریڈی کو چیلنج کیا کہ مرکز کی جانب سے جانچ کا اہتمام کریں تاکہ پورٹل میں بے جا مداخلت کرنے والوں کا پتہ چلایا جاسکے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اراضیات ، جائیدادوں اور افراد کی شخصی تفصیلات بیرونی شہریوں تک پہنچ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی ایک کمپنی کی جانب سے دھرانی پورٹل کی تفصیلات کا سرقہ کیا جارہا ہے ۔ لاکھوں ایکر سرکاری اراضی پورٹل سے غائب ہے جس کی تفصیلات کانگریس کے پاس موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ دھرانی پورٹل بیرونی افراد کے ہاتھوں میں جاچکا ہے اور یہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل دراصل کے ٹی آر کے دوست جی سریدھر کے ہاتھوں میں ہے۔ کے ٹی آر نے خود اعتراف کیا تھا کہ ان کے دوست کسی وقت بھی دھرانی پورٹل کا لاک کھول سکتے ہیں۔ سرکاری اراضیات کو بے نامی افراد کو منتقل کرتے ہوئے پورٹل میں الٹ پھیر کی جارہی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پورٹل کا سہارا لے کر کے سی آر خاندان عوام کو لوٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے تک دھرانی پورٹل برخواست کیا جائے گا اور مکمل محفوظ پورٹل تیار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے سی آر خاندان کی اراضی معاملات کو بے نقاب کرے گی۔ 15 جولائی کے بعد دھرانی کے ذریعہ جو بھی بے قاعدگیاں کی گئیں انہیں عوام کے روبرو پیش کیا جائیگا۔ ریونت ریڈی کے مطابق حکومت نے گجویل میں 1500 ایکر اسائینڈ لینڈ غیر قانونی طور پر حاصل کرلیا ہے ۔ یہ اراضی امول ڈیری کمپنی کو الاٹ کی گئی جو وزیر سیول سپلائیز جی کملاکر کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اور بی آر ایس کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے ٹی آر نے حال میں دہلی کا دورہ کیا۔ ایٹالہ راجندر کو غیر اہم الیکشن کمیٹی کی ذمہ داری دی گئی ۔ پارٹی نے راجندر کے ساتھ دھوکہ کیا۔ ریونت ریڈی نے کانگریس کا لینڈ ڈکلیریشن جاری کیا جس میں کانگریس برسر اقتدار آنے پر دھرانی پورٹل کی مختلف خامیوں کو درست کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ر