دھنوش سے لڑائی عدالت پہنچ گئی ، نینتارا سے جواب طلب

   

چنئی ۔ فوٹیج کے استعمال پر جنوبی ہند کی اداکار دھنوش اور اداکارہ نینتاراکے درمیان شروع ہونے والا تنازعہ ختم ہوتا نظر نہیں آرہا اور اب یہ عدالت میں پہنچ چکا ہے۔ دھنوش نے بغیر اجازت نیٹ فلکس دستاویزی فلم میں اپنی فلم نانم راؤڈی دھان کے مناظر استعمال کرنے پر نینتارا کے خلاف مقدمہ دائرکیا ہے۔ انہوں نے یہ درخواست مدراس ہائی کورٹ میں نینتارا اور ان کے شوہر فلم ساز وگنیش سیون کے خلاف دائرکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دھنوش کی پروڈکشن ہاؤس کمپنی ونڈربار فلمز پرائیویٹ لمیٹڈ نینتارا، وگنیش اور ان کی کمپنی راؤڈی پکچرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف عدالت پہنچ گئی ہے۔ درخواست میں الزام لگایاگیا ہے کہ انہوں نے نیٹ فلکس کے دستاویزی ڈرامہ نینتارا: بیویانڈ دی فیری ٹیل میں فلم نانم راؤڈی دھان کے ویژول کا استعمال کیا ہے۔ دھنش کی کمپنی نے ہائی کورٹ میں ایک درخواست بھی دائرکی ہے، جس میں لاس گیٹوس پروڈکشن سروسز انڈیا ایل ایل پی کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری مانگی گئی ہے۔ یہ وہی کمپنی ہے جس کے ذریعے نیٹ فلکس ہندوستان میں اپنے موادکی سرمایہ کاری کی اطلاع دیتا ہے۔ چونکہ لاس گیٹوس ممبئی کی ایک کمپنی ہے، اس لیے دھنوش نے ہائی کورٹ سے لیٹرز پیٹنٹ کی شق 12 کا استعمال کرنے کی اپیل کی۔ اس معاملے میں مدراس ہائی کورٹ نے فریقوں کے ابتدائی دلائل کو سنا اور اسے منظورکیا۔ عدالت نے کہا کہ اس مقدمہ کی بڑی وجہ ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں آتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اب نینتاراکو اگلی سماعت پر نوٹس کا جواب دینا ہوگا۔ حال ہی میں نینتارا نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر ایک لمبا کھلا خط شائع کیا۔ دھنوش کو لکھے گئے اس خط میں اداکارہ نے دھنوش پر الزام لگایا تھا کہ وہ انہیں ویژول استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔