نئی دہلی۔14 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) موجودہ ہندستانی ٹیم کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی اور 2019 آئی پی ایل میں رنر اپ ٹیم چینائی سوپرکنگس کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ سال 2020 میں ہونے آئی پی ایل کے 13 ویں سیزن میں بھی کھیلیں گے۔آئی پی ایل 12 کے دلچسپ فائنل مقابلے میں ممبئی انڈینس نے چینائی سوپر کنگ کو آخری گیند پر ایک رن سے شکست دے کر چوتھی مرتبہ آئی پی ایل کا خطاب اپنے نام کیا ہے۔ چینائی کا یہ آٹھواں فائنل تھا اور اسے پانچویں مرتبہ رنر اپ رہنے پر اکتفا کرنا پڑا۔دلچسپ فائنل مقابلے میں ہارنے کے بعد دھونی نے کہاکہ آئی پی ایل کا یہ سیزن ٹیم کے لئے اچھا رہا ہے۔ ہم پیچھے مڑکر دیکھنا ہو گا کہ ہم یہاں تک کیسے پہنچے کیونکہ گزشتہ سیزن کے فائنل مقابلوں میں پہنچنے کے لئے ٹیم نے اس سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔کپتان نے ممبئی اورچینائی کے کئی مرتبہ خطاب جیتنے پرکہاکہ یہ بہت دلچسپ ہے کہ کبھی ممبئی جیت کر خطاب اپنے نام کر رہی ہے اور کبھی ہم جیت کر ٹرافی پر قبضہ کر رہے ہیں۔ ہم جیسے ایک دوسرے کو ٹرافیاں سونپ رہے ہیں۔دھونی نے کہاکہ فائنل میں دونوں ٹیموں نے بہت ساری غلطیاں کیں لیکن جس ٹیم نے کم غلطیاں کی وہ جیت کی حقدار رہی۔ میرے حساب سے بولروں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس وکٹ پر آسانی سے 150 سے زیادہ رن بنتے ہیں لیکن بولروںکی طرف سے مسلسل وکٹ لئے جانے کے سبب ہم ممبئی کو150 سے کم اسکور پر روکنے میں کامیاب ہوئے۔ تھالا نام سے مشہور دھونی نے کہاکہ جب بھی آپ مخالف ٹیم کو کم اسکور پر روکنے میں کامیاب ہوتے ہیں تب کوئی نہ کوئی بیٹسمین ذمہ داری سنبھالتے ہوئے میچ کو آخر تک لے جاتا ہے۔ ہم نے کئی مقابلے اس طرح جیتے اور ہمیں یہاں بھی ایسا کرنا تھا لیکن اب ٹورنمنٹ ختم ہو گیا ہے۔انہوں نے اگلے آئی پی ایل سیزن کھیلنے پر کہاکہ ہاں، مجھے امید ہے کہ میں اگلا آئی پی ایل سیزن کھیلوں گا۔ ورلڈ کپ کے بعد ہم ٹیم میں کمزوریوں کو کیسے دور کیا جائے، اس پر غور کریں گے۔