دہشت گردی سے لڑائی میں اسلامی ممالک ہندوستان کے ساتھ ، او آئی سی اجلاس میں ہندوستان کو مدعو کیا جانا قابل فخر : وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ 

,

   

حیدرآباد : مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ این آئی اے نے ملک کی تعمیر میں اہم رول ادا کیا ہے او رداعش کے معاملات کی جانچ کیلئے اس کو مکمل آزادی دی گئی ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں ہندوستان کو اسلامی ممالک کا تعاون حاصل ہے ۔ تمام ممالک دہشت گردی سے مقابلہ کے لئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلا ف فیصلہ کن بات چیت ہونی چاہئے ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ دہشت گردی کا کسی ذات ، نسل او ر مذہب سے تعلق نہیں ہے ۔ بعض نا سمجھ لوگوں نے دہشت گردی کو مذہب سے جوڑ دیا ہے جو مناسب نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہندوستانی چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو پلوامہ حملہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستانی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے سخت فیصلہ لیا ہے او ر اس سلسلہ میں پاکستان کے دہشت گردوں کے کیمپس پر فضائی حملہ کیئے ۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ بات ہندوستان کے لئے قابل فخر ہے کہ ہندوستان کو ابوظہبی میں ہونے والے او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے ۔

انہوں نے پلوامہ حملوں کی مذمت کی اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے پر زور دیا ۔ واضح رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ حیدرآباد کے ہائی ٹیک سٹی مادھا پور علاقہ میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ( این آئی اے ) کے دفتر کا آج افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان باتوں کا اظہار کیا ۔