دہشت گردی سے مقابلہ ‘پاکستان کی مدد کیلئے تیار:راجناتھ

   

چنڈولی 2 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام )مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ہندوستان ‘ پاکستان کو اس کی سرزمین پر دہشت گردی سے مقابلہ اور اس کے خاتمہ میں مدد کرنے تیار ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے یہاں سی آر پی ایف کے گروپ سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا اور اپنے خطاب میں کہا کہ نہ صرف ہندوستان بلکہ کئی ممالک دہشت گردی کا شکار ہیں لیکن وہ کہنا چاہتے ہیں کہ یقین رکھئے ایسا ہمیشہ ہونے والا نہیں ہے ۔ وزیر اعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ایک فیصلہ کن لڑائی ہونی چاہئے اور یہ شروع ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان یہ سمجھتا ہے کہ وہ دہشت گردی سے مقابلہ کا اہل نہیں ہے تو وہ اپنے پڑوسی ہندوستان سے مدد مانگ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چاہئے کہ وہ خود ہی اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کردے ۔ ورنہ ایسی صورتحال پیدا ہوگی کہ ان ٹھکانوں کو ختم کردیا جائیگا اور کوئی بھی طاقت اس کو روک نہیں پائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے دنیا کو دکھادیا ہے کہ ہم نہ صرف اپنی سرزمین سے کارروائی کرسکتے ہیں بلکہ اگر ضروری ہوجائے تو ہم دوسرے ملک کی زمین سے بھی کارروائی کرسکتے ہیں۔ ہم میں یہ طاقت ہے ۔ یہ بات ہم نے دنیا کو دکھادی ہے ۔ ہم نے اس معاملہ میں سفارتی کامیابی بھی حاصل کی ۔