دہلی اسمبلی انتخابات کی تیاریاں ،جائزہ اجلاس میں غوروخوض

   

نئی دہلی ۔ 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن کے سینئر عہدیداروں کا آج شہر کے پول پیانل عملہ کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں دہلی اسمبلی کے آئندہ انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر سندیپ سکینہ کی زیرقیادت ایک ٹیم نے حصہ لیا۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل مصارف و میڈیا، دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر، دہلی کے پولیس عہدیداروں کے علاوہ مجالس مقامی اور مختلف محکموں کے ذمہ داران بھی شریک تھے۔ اجلاس کا مقصد آزادانہ و منصفانہ انتخابات کیلئے مناسب منصوبہ بندی کیلئے متعلقہ عہدیداروں کو تیار کرنا تھا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن عہدیداروں کو نقائص سے پاک فہرست رائے دہندگان کی تیاری کی ہدایت دی گئی جبکہ تمام پرانے فارمس کو ختم کرنا اور خامیوں کو دور کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
مرحومین اور مستقل طور پر دوسرے مقامات کو منتقل ووٹرس کی دوبارہ شمولیت کو برخاست کرنے پر زور دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن عہدیداروں سے کہا گیا ہیکہ وہ کام اہل شہریوں سے یکم ؍ جنوری 2020ء تک اپنے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کروانے کی اپیل کریں۔ 6 جنوری کو قطعی فہرست جاری کی جائے گی جبکہ 22 فبروری 2020ء کی دہلی اسمبلی کی میعاد ختم ہونے سے قبل انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں کی جائیں گی۔