دہلی فسادات پولیس کی ناکامی کی وجہ سے ہوئے : سنجے سنگھ

,

   

امیت شاہ کے وزیر داخلہ بننے کے بعد ہی دہلی کی صورتحال بگڑی
نئی دہلی۔26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی لیڈر سنجے سنگھ نے شمال مشرقی دہلی میں ہوئے فسادات کے بعد دہلی پولیس پر شدید تنقید کی ہے۔ سنجے سنگھ نے دہلی پولیس پر الزام عائد کیا کہ وہ حالات کو قابو میں کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے دہلی پولیس سے یہ بھی استفسار کیا کہ جب چیف منسٹر اروند کجریوال نے سرحدی علاقوں کو بند کرنے کی درخواست کی گئی تو پھر کیوں انہیں کھلا رکھا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال امیت شاہ کے وزیر داخلہ بننے کے بعد بگڑی ہے۔ عوام ایک دوسرے کے خلاف لڑ رہے ہیں اور یہ دراصل دہلی پولیس کی جانب سے سرحدی علاقوں کو بند نہ کرنے کی وجہ سے ہوا ہے۔ عآپ لیڈر نے دہلی پولیس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کجریوال کی درخواست کے باوجود سرحدی علاقوں کو بند نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے لوگ مارے جارہے ہیں، دکانات اور مکانات نذرآتش کئے جارہے ہیں، لا اینڈ آرڈر وزیر داخلہ کے ذمہ ہے اور جب سے امیت شاہ نے وزیر داخلہ کا عہدہ سنبھالا ہے، یہاں کے حالات خراب ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ شمال مشرقی دہلی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چند دنوں کے دوران حالات کشیدہ ہیں ۔ حالات اس وقت بگڑ ے جب متنازعہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کی حمایت میں پرامن احتجاج کرنے والے افراد کو شر پسندوں نے نشانہ بنایا اور ان پر سنگباری کی۔ سنگباری کے نتیجہ میں ابتدائی لمحات ہی میں کئی افراد زخمی ہوگئے اور جب حالات کشیدہ ہونے لگے تو متعدد اموات کا سلسلہ شروع ہوا۔