دہلی میں آج سے صدفیصد گنجائش کے ساتھ میٹرو اور بس سرویسز کا احیا

   

نئی دہلی : قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کے کم ہوتے معاملات کے پیش نظر دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بڑا اعلان کیا ہے۔ ہفتہ کو ڈی ڈی ایم اے نے ایک حکم جاری کیا ہے۔ اس حکم میں کہا گیا ہے کہ 26 جولائی صبح پانچ بجے سے اب دہلی میٹرو اور بسوں میں سو فیصد صلاحیت کے ساتھ آپریشن کی اجازت دیدی گئی ہے۔ وہیں سنیما ہال ، تھیٹر اور ملٹی پلیکس پچاس فیصد صلاحیت کے ساتھ کھلیں گے۔ ڈی ڈی ایم اے کے اس فیصلہ کے بعد اب پیر سے دہلی میٹرو اور بسوں کی سبھی سیٹوں پر مسافر بیٹھ سکیں گے۔ اس کے ساتھ ہی سنیما ہال اور ملٹی پلیکس میں بھی ایک مرتبہ پھر سے رونق لوٹے گی۔بتادیں کہ ڈی ڈی ایم اے کے پاس اس طرح کی تجویز دہلی حکومت نے پہلے ہی بھیجی تھی۔ ڈی ڈی ایم اے اس پر گزشتہ کچھ دنوں سے غور کررہا تھا۔ آخر کار ہفتہ کو ڈی ڈی ایم اے نے یہ نوٹیفکیشن جاری کر ہی دیا۔ دہلی حکومت نے کل ہی اس سلسلہ میں اتھارٹی کو تجویز بھیجی تھی۔اس طرح پیر سے دہلی میٹرو اور بسوں میں سفر کرنے والوں کو راحت ملنی شروع ہوجائے گی۔ دہلی میں کورونا کی انفیکشن شرح کافی کم ہوگئی ہے اور کورونا کے یومیہ کیسوں میں بھی کافی گراوٹ آگئی ہے۔ اس کے باوجود تیسری لہر کو لے کر ڈی ڈی ایم اے نے دہلی میٹرو اور بس میں سفر کرنے والوں کیلئے کورونا گائیڈ لائن پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ہفتہ کو ڈی ڈی ایم اے نے کورونا کے کم ہوتے معاملات کو دیکھتے ہوئے بڑا اعلان ضرور کیا ، لیکن ڈی ڈی ایم اے نے کہا کہ وہ میٹرو اور بسوں کے آپریشن پر خود بھی نظر رکھے گا۔ حالانکہ بس اور میٹرو میں کھڑے ہوکر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہے ، پھر بھی لوگ سفر کررہے ہیں۔دہلی میں اپریل مہینے میں لاگو ہوئے لاک ڈاون کے بعد 31 مئی سے انلاک کی کارروائی شروع ہوئی تھی۔ گزشتہ سات جون سے دہلی میٹرو کو پچاس فیصد صلاحیت کے ساتھ شروع کیا گیا تھا۔ وہیں بس پہلے سے ہی پچاس فیصد صلاحت کے ساتھ چل رہی تھی۔