اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں بھی پانی داخل، اتوار کو بھی شدید بارش کی پیش قیاسی
نئی دہلی : دہلی میں اس سال ریکارڈ توڑ بارش درج کی گئی ہے۔ اس سال صرف یکم ستمبر سے 11 ستمبر کی دوپہر تک دہلی میں 380.2 ملی میٹر بارش ہوئی، جس سے گزشتہ 121 برسوں میں دہلی میں دوسری سب سے زیادہ بارش اور 1944 کے بعد سب سے زیادہ بارش کا نیا ریکارڈ بن گیا۔ اس طرح یہ ایک صدی میں سب سے زیادہ بارش والا ستمبر مہینہ بن گیا ہے۔ ہفتہ کے روز ہوئی زوردار بارش نے دہلی اور قریبی علاقوں میں کئی مقامات پر سمندر کا نظارہ پیدا کر دیا۔ دہلی ائیر پورٹ پر طیارے تیرتے ہوئے دیکھے گئے اور ایک جگہ تو بس پانی میں پھنسنے کی وجہ سے مسافروں کو بڑی مشکل کے بعد بچایا گیا۔ صفدر جنگ ویدھ شالہ کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2021 میں 380.2 ملی میٹر بارش اب تک 121 برسوںمیں دوسری سب سے زیادہ اور 1944 کے بعد گزشتہ 77 برسوں میں سب سے زیادہ بارش ہے۔‘‘ محکمہ موسمیات نے کہا کہ ستمبر مہینے میں سرفہرست پانچ سب سے زیادہ بارش ہوئی ہے۔‘‘ دہلی میں اس موسم میں صفدر جنگ ویدھ شالہ میں کل 1136.8 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ دہلی میں آج صبح موسلادھار بارش ہوئی، جس سے شہر میں درجہ حرارت کم ہوگیا ، لیکن مسلسل بارش کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ دہلی میں مانسون کی بارشوں نے 1000 ملی میٹر کا ہندسہ عبور کیا۔ محکمہ موسمیات نے ہفتہ کو دہلی ، اتر پردیش اور ہریانہ کے کچھ حصوں میں بارش اور تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی جبکہ اتوار کو بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا انتباہ دیا گیا ہے ۔ بارش سے جبکہ دہلی اور اس کے آس پاس کے کئی علاقوں میں سڑکیں زیر آب ہوگئیں ، نئی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ایئر پورٹ کا رن وے بھی پانی میں ڈوب گیا۔ اس سے پروازیں متاثر ہوئیں۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ دہلی ، این سی آر (اتر پردیش کے بہادر گڑھ ، گروگرام ، فرید آباد ، گریٹر نوئیڈا ، شاملی ، کندھلا ، بڈوت ، باغپت ، میرٹھ ، سیانا، ہاپور ، پہاشو ، بلندشہر) اور ملحقہ علاقوں میں اوسط یا شدید بارش اور تیز ہواوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دریں اثنا، ائیرپورٹ سے مسافروں کو لے کر آ رہی ایک بس پالم فلائی اوور کے نیچے پانی میں پھنس گئی۔ تاہم فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کی مدد سے تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
دراصل صبح ائیرپورٹ کی طرف سے آنے والی بس پالم فلائی اوور ہوتے ہوئے اپنی منزل کی جانب گامزن تھی لیکن انڈر پاس سے گزرتے وقت ہی بس میں تکنیکی خرابی آنے کے سبب بند ہو گئی۔وہیں پانی میں خود کو گھرا ہوا دیکھ کر مسافروں میں خوف پیدا ہو گیا، جس کے بعد فائر بریگیڈ کو اس کی اطلاع دی گئی۔ اس دوران کسی طرح کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ بس میں بیٹھے تقریباً 40 مسافروں کو محفوظ نکال لیا گیا۔ سوشل میڈیا پر بھی اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔ جس میں فائر بریگیڈ کے اہلکار مسافروں کو بس سے باہر نکال رہے تھے۔
وہیں مسافر بھی اپنا سامان لے کر انڈر پاس سے گزر رہے ہیں۔فائر بریگیڈ کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق صبح 11 بجکر 31 منٹ پر فون کال آئی تھی، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں موقع پر پہنچی اور بس میں بیٹھے تمام مسافروں کو محفوظ نکال لیا گیا۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ تقریباً 30 سے 40 لوگ بس میں سوار تھے۔ بس ائیرپورٹ کی سمت سے آ رہی تھی اور پالم فلائی اوور کے انڈر پاس کے نیچے بند ہو گئی تھی۔ فی الحال تمام مسافر محفوظ ہیں۔