دہلی میں بی جے پی کی تنظیمی تشکیل نو کا آئندہ ہفتہ سے آغاز

   

نئی دہلی : بی جے پی دہلی کے ریاستی صدر وریندر سچدیوا نے اتوار کو کہا کہ دہلی بی جے پی کی تنظیمی تشکیل نو کا عمل اگلے ہفتہ سے شروع ہو جائے گا، جسے ہم ایک تنظیمی تہوار کے طور پر دیکھتے ہیں۔ راجدھانی میں اسمبلی انتخابات کے بعد دہلی بی جے پی میں بھی تشکیل نو کا عمل شروع ہونے والا ہے ۔ اس کیلئے مرکزی قیادت کی ہدایت پر قومی انتخابی افسر اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر کے لکشمن نے ریاستی انتخابی افسر اور ریاستی کو-الیکشن افسروں کا اعلان کیا ہے ۔ ڈاکٹر لکشمن نے مہیندر ناگپال کو دو شریک انتخابی افسروں کے ساتھ دہلی کے لیے انتخابی افسر مقرر کیا ہے ۔ یوگیش آترے اور وجے سولنکی کو بھی اس کے لیے مقرر کیا گیا ہے ۔
سچدیوا نے کہا ہے کہ بی جے پی اجتماعی قیادت سے چلنے والی پارٹی ہے ۔ ہم ہر کارکن کو تنظیمی ڈھانچے میں شامل ہونے کا موقع دیتے ہوئے پارٹی میں اندرونی جمہوریت کو بھی یقینی بناتے ہیں۔ بی جے پی کے ریاستی صدر نے کہا کہ تنظیمی ڈھانچے کے عمل کے تحت بوتھ کمیٹی، منڈل کمیٹی، ضلع کمیٹی سے لے کر ریاستی کمیٹی تک انتخاب کا موقع دیا جائے گا، لیکن ساتھ ہی جہاں کارکنان چاہیں، رابطہ کاری کے ذریعے کمیٹیاں بھی تشکیل دی جا سکتی ہیں۔