دہلی میں جنتر منتر پر جگن موہن ریڈی کا احتجاجی دھرنا

,

   

انڈیا الائینس کی 8 جماعتوں کا اظہار یگانگت، سیاسی تشدد پر اظہار تشویش

حیدرآباد۔/24 جولائی، ( سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے آج نئی دہلی کے جنتر منتر پر ایک روزہ احتجاج منظم کیا جس میں آندھرا پردیش میں امن و ضبط کی ابتر صورتحال اور وائی ایس آر کانگریس کارکنوں پر حملوں کی مذمت کی گئی۔ سابق چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے احتجاج کی قیادت کی۔ اس موقع پر تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں وائی ایس آر کانگریس قائدین اور کارکنوں کے قتل اور حملوں کے واقعات کی تصاویر رکھی گئیں۔ اپوزیشن قائدین کی املاک پر حملوں کے واقعات پر نمائش میں تصاویر کو شامل کیا گیا۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ سینئر قائدین نے احتجاج میں حصہ لیا۔ انڈیا الائینس کی 8 پارٹیوں کے قائدین نے احتجاجی کیمپ پہنچ کر اظہار یگانگت کیا۔ جگن موہن ریڈی سے دھرنا کیمپ پہنچ کر ملاقات کرنے والوں میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، انڈین یونین مسلم لیگ کے عبدالوہاب کے علاوہ شیو سینا ( ادھو ٹھاکرے ) کے قائد پرینکا چترویدی، ترنمول کانگریس کے ندیم الحق، انا ڈی ایم کے سے تھمبی دورائی شامل ہیں۔ جھار کھنڈ مکتی مورچہ، عام آدمی پارٹی کے قائدین نے بھی اظہار یگانگت کیا۔ انہوں نے تصویری نمائش کا مشاہدہ کرتے ہوئے سیاسی قتل اور حملوں کے واقعات کی مذمت کی۔ انڈین یونین مسلم لیگ کے نمائندہ عبدالوہاب نے پارٹی قائدین کے ہمراہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے احتجاج سے اظہار یگانگت کیا۔ اس موقع پر عبدالوہاب نے کہا کہ آندھرا پردیش میں تشدد کے خلاف جگن موہن ریڈی کے احتجاج کی انڈین یونین مسلم لیگ تائید کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسراقتدار پارٹی کو تشدد سے گریز کرنا چاہیئے کیونکہ اقتدار مستقل نہیں ہوتا۔ عبدالوہاب نے جگن موہن ریڈی کے احتجاج اور جدوجہد کی تائید کا اعلان کیا۔1