ڈپٹی سی ایم سسوڈیہ کے بیان سے دہلی میں دہشت
نئی دہلی۔ 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں کورونا انفیکشن کے لگاتار بڑھتے معاملوں کے درمیان نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیہ کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس سے دہلی کے باشندوں میں دہشت پیدا ہو گئی ہے۔ دراصل دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ میٹنگ کے بعد منیش سسودیا نے میڈیا سے بات کی۔ اس دوران انھوں نے بتایا کہ ’’دہلی میں جس طرح سے کورونا کے معاملے بڑھ رہے ہیں، اگر ایسے بڑھتے رہے تو 15 جولائی تک 33 ہزار بیڈ کی ضرورت پڑے گی، اور 31 جولائی تک کورونا کے مریضوں کے لیے 80 ہزار تک بیڈ کی ضرورت پڑے گی۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ 15 جولائی تک دہلی کورونا انفیکشن کے 2.25 لاکھ کیسز ہونے کا امکان ہے اور یہی رفتار رہی تو 31 جولائی تک کیسز کی تعداد 5.5 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔میڈیا سے بات چیت کے دوران منیش سسوڈیہ نے دہلی کے لوگوں کے لیے اچھی خبر یہ سنائی کہ ابھی ریاست میں کورونا انفیکشن کمیونٹی سطح پر پھیلنا شروع نہیں ہوا ہے۔ لیکن اس کے باوجود جولائی تک 5.5 لاکھ کیسز ہونے کے امکان سے متعلق سسودیا کا بیان فکر انگیز ہے۔