نئی دہلی 11جولائی (یوا ین آئی) عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ دہلی کے لوگوں نے بڑی توقعات وابستہ کرکے اقتدار بی جے پی کو سونپا تھا، لیکن پانچ ماہ کے اندر اسے اپنے فیصلے پر افسوس ہونے لگا ہے ۔پانی جمع ہونے کے معاملے میں، عآپ کے ریاستی صدر سوربھ بھاردواج نے جمعہ کے روز کہا کہ آج دہلی کے واٹس ایپ، ڈرائنگ روم اور جنوبی دہلی کے کلبوں میں متوسط طبقہ کے لوگوں کے درمیان یہ بحث چل رہی ہے کہ جس میں وہ یہ مان رہے ہیں کہ بی جے پی کو دہلی کے اقتدار میں لانا بڑی غلطی تھی۔ لوگ بھول گئے کہ وہی بی جے پی جو ہریانہ میں پچھلے 14 سالوں سے حکومت چلا رہی ہے اور ہر بار گڑگاؤں میونسپل کارپوریشن جیتتی ہے ، اس کے باوجود کروڑوں کے فلیٹ میں رہنے والوں کی کاریں پانی میں ڈوب رہی ہیں۔ وہاں ایسا ہر سال ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ سب جاننے کے باوجود دہلی کے لوگوں نے یہ سوچ کر بی جے پی کو موقع دیا کہ یہاں کچھ بہتر ہوگا لیکن پہلے مانسون میں ہی بی جے پی کی چاروں انجنوں والی سرکار کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی۔ اگر آج عام آدمی پارٹی کے پاس کارپوریشن ہوتی تو وزیراعلیٰ، وزیر، لیفٹیننٹ گورنر اور یہ سب بی جے پی والے عآپ پر سارا الزام لگا دیتے کہ وہی گڑبڑ ی کر رہی ہے ۔