دہلی کی اناج منڈی عمارت میں مہیب آتشزدگی، 43 افراد ہلاک

,

   

شارٹ سرکٹ حادثہ کی وجہ، بیشتر افراد کو زخمی حالت میں عمارت سے نکالا گیا ،مختلف دواخانوں میں زیر علاج

دہلی حکومت کی جانب سے مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 10 لاکھ ایکس گریشیاء
حا دثہ کی تحقیقات کا حکم، عمارت کے مالک کے خلاف مقدمہ درج
مختلف قائدین کا اظہار تعزیت۔جائے حادثہ کا معائنہ

نئی دہلی ۔ 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی اناج منڈی علاقہ کی ایک چار منزلہ عمارت میں آج صبح شدید آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں کم از کم 43 افراد کی دم گھٹنے سے موت ہوگئی۔ فائر بریگیڈ عملہ کے مطابق آتشزدگی واقعہ کی اطلاع صبح 5:20 بجے موصول ہوئی جس کے فوری بعد 25 فائر انجنوں کو آگ پر قابو پانے کیلئے روانہ کردیا گیا۔ جن افراد کو متاثرہ عمارت سے نکالا گیا انہیں قریب کے دواخانوں میں شریک کیا گیا جن میں لوک نائک جے پرکاش نارائن ہاسپٹل بھی شامل ہے۔ ہندو راؤ ہاسپٹل میں بھی بعض افراد کو شریک کیا گیا۔ دونوں دواخانوں میں متاثرہ افراد کا علاج کیا جارہا ہے۔ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ہے۔ بتایا گیا ہیکہ لوک نائک جئے پرکاش نارائن ہاسپٹل میں 34 افراد کی موت ہوئی ہے۔ دہلی شہر میں آتشزدگی کا یہ بدترین واقعہ ہے۔ بتایا گیا ہیکہ شمالی دہلی میں واقع اس عمارت میں غیرقانونی مینوفکچرنگ یونٹس قائم کئے گئے تھے۔ علی الصبح آگ لگنے کا یہ واقعہ دوسری منزل پر پیش آیا۔ اس وقت بیشتر افراد سو رہے تھے۔ آتشزدگی واقعہ کی ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہیکہ شارٹ سرکٹ آگ لگنے کی وجہ ہے۔ 150 افراد پر مشتمل فائر بریگیڈ کا عملہ راحت و امدادی کاموں میں مصروف رہا اور 63 افراد کو عمارت سے باہر نکالا گیا۔ عملہ کے ارکان نے بتایا کہ عمارت کے یونٹس میں کام کرنے والے 43 مزدور ہلاک ہوگئے جبکہ زخمی ہونے والوں میں فائر بریگیڈ عملہ کے دو ارکان بھی شامل ہیں۔ عملہ کے ارکان نے بتایا کہ مینوفکچرنگ یونٹس میں کس کے پاس فائر ڈپارٹمنٹ کا نوآبجکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) نہیں تھا۔ گنجان آبادی اور تنگ گلی کوچوں کے باعث راحت و امدادی کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ عمارت تک پہنچنے کیلئے کھڑکیوں کی جالیوں کو کاٹنا پڑا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 2 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء کا اعلان کیا ہے جبکہ شدید طور پر زخمی افراد کو فی کس 50 ہزار روپئے امداد منظور کی گئی ہے۔ وزیراعظم کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ یہ رقم پرائم منسٹر نیشنل ریلیف فنڈ سے ادا کی جائے گی۔ دہلی حکومت نے اس حادثہ کی تحقیقات اور اندرون سات دن رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ دہلی حکومت نے مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 10 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء کا اعلان کیا ہے۔ شمالی دہلی کے میئر اوتار سنگھ نے بتایا کہ میونسپل کمیشن کو ایک ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی ہے جو مقام حادثہ کا معائنہ کرنے حادثہ کی وجوہات کا پتہ چلائے گی۔ پولیس نے بتایا کہ عمارت کے مالک کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ آتشزدگی کے مقام پر دلخراش مناظر دیکھے گئے۔ حادثہ کے مقام پر زبردست ہجوم بھی دیکھا گیا جبکہ عہدیداروں اور سیاسی قائدین کے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ عمارت میں پھنسے ہوئے افراد کو باہر نکلنے کی کوشش کی جارہی تھیں۔ کئی مزدوروں کو بیہوشی کی حالت میں باہر نکالا گیا۔ عمارت میں مناسب وینٹی لیش نہیں تھا۔ بیشتر مزدوروں کی دم گھٹنے سے موت ہونے کی اطلاع ہے۔ تینوں دواخانوں پر جہاں مہلوک اور زخمی مزدوروں کو لایا گیا۔ اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مختلف جماعتوں کے قائدین نے حادثہ میں انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے حادثہ کو انتہائی خوفناک قرار دیا۔ اپنے ٹوئیٹ میں انہوں نے مہلوکین کے خاندانوں سے اظہارتعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اروند کجریوال اور ان کے کابینی رفقاء عمران حسین اور ستیندر جین نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ مرکزی وزراء ہردیپ سنگھ پوری، انوراگ ٹھاکر، بی جے پی ارکان پارلیمنٹ منوج تیواری، وجئے گوئل اور دوسروں نے بھی حادثہ کے مقام کا معائنہ کیا۔