دہلی کے روہنی علاقہ میں دھماکے سے سنسنی‘ عوام میں خوف وہراس

   

دہلی: نئی دہلی میں ایک بار پھر بم دھماکہ سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ جمعرات کی صبح روہنی علاقے کے پرشانت وہار میں واقع پی وی آر ملٹی پلیکس کے قریب ایک زور دار دھماکہ ہوا۔ مقامی لوگ اس واقعے کے بعد شدید خوف و بیچینی میں مبتلا ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دیں۔دہلی پولیس کے مطابق اس واقعہ میں ایک آٹو رکشہ ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں۔ دھماکہ کی جگہ پر سفید رنگ کا پاوڈر پایا گیااور ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ کم شدت کا بم دھماکہ معلوم ہوتا ہے۔یاد رہے کہ تقریباً ایک ماہ قبل اسی علاقے میں سی آر پی ایف اسکول کے سامنے بھی دھماکہ ہوا تھا۔ اس دھماکہ کی شدت سے علاقے میں گھنا دھواں پھیل گیا تھا اور اسکول کی دیوار گر گئی تھی۔ قریبی دکانوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ اْس وقت بھی موقع سے سفید پاوڈر برآمد ہوا تھا، جسے لیب بھیجا گیا تھا۔اس سے پہلے کے دھماکے کے پیچھے خالصتانی گروپ کا ہاتھ ہونے کی خبریں سامنے آئیں تھیں۔ خالصتانی حمایتی گروپ جسٹس لیگ انڈیا نے اس کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

حالیہ دھماکہ بھی پچھلے واقعے جیسا ہونے کی وجہ سے تشویش پیدا ہوگئی ہے۔تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس وقت دونوں دھماکوں کے آپس میں تعلق ہونے کے بارے میں کوئی حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا۔