دیوبند ’’دہشت گردی کی گنگوتری‘‘

,

   

مرکزی وزیر گری راج سنگھ کا پھر متنازعہ بیان

سہارنپور ۔ 12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی لیڈر گری راج سنگھ نے دیوبند کو ’’دہشت گردی کی گنگوتری‘‘ قرار دیا اور کہاکہ وہاں سے ممبئی دہشت گرد حملہ کا ماسٹر مائنڈ حافظ سعید جیسے دہشت گرد آتے ہیں۔ گری راج اپنے متنازعہ بیانات کیلئے مشہور ہیں اور انہوں نے آج دیوبند سے متعلق ریمارک کے ذریعہ نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے۔ مرکزی وزیر نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دیوبند میں احتجاج سے متعلق سوال پر یہ ریمارک کیا۔ سی اے اے کی حمایت میں سہارنپورمیں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس کے خلاف احتجاج کو ملک کے خلاف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج ایک طرح سے خلافت اندولن ہے۔ اس موقع پر انہوں نے جے این یو کے طالب علم شرجیل امام کے ملک مخالف ریمارک کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے آسام کو ہندوستان سے الگ کرنے کی بات کہی تھی۔ گری راج کے ریمارک پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی عمران مسعود نے کہا کہ نفرت کے باعث ان کی آنکھوں پر اس حد تک پردا پڑ گیا ہے کہ انہوں نے گنگوتری جیسے مقدس لفظ کی تک توہین کردی ہے۔ سہارنپور کے ایم پی حاجی فضل الرحمن نے اس ریمارک کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دیوبند مجاہدین آزادی کی ’’کرم بھومی‘‘ رہا ہے اور دیوبند کے علماء نے ملک کی آزادی کیلئے اپنی جانیں قربان کیں اور جیل کی صعوبتیں برداشت کی تھیں۔