دیوڑھی خورشید جاہ کی مرمت و آہک پاشی کاموں میں تیزی

   

امرائے پائیگاہ کی تعمیر کردہ عمارت کی عظمت رفتہ کی بحالی کے اقدامات
حیدرآباد۔19۔ستمبر۔(سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ شاہ گنج میں واقع خورشید جاہ کی دیوڑھی کی مرمت وآہک پاشی کے کاموں کو تیز کردیاگیا ہے اور عہدیداروں کے مطابق تاحال 15 فیصد آہک پاشی و مرمت کے کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہے۔ سابق پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے اپنے دورۂ پرانے شہر کے دوران خورشید جاہ کی دیوڑھی کا معائنہ کرنے کے بعد اس تاریخی دیوڑھی کی عظمت رفتہ کی بحالی کے اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے اس کے لئے 12 کروڑ روپئے منظور کئے تھے اور قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذریعہ اس تاریخی عمارت کی عظمت رفتہ کی بحالی اور آہک پاشی کے اقدامات کا آغاز کیا گیا تھا۔ پیشرو حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے اس پراجکٹ کو انتخابات کے علاوہ بعض انتظامی مسائل کی بناء پر طویل مدت تک روک دیا گیا تھا لیکن اب ان کاموں کا دوبارہ احیاء عمل میں لایا جاچکا ہے اس سلسلہ میں شہری ترقیات بالخصوص پرانے شہر کی ترقی کے لئے قائم کئے گئے ادارہ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذریعہ ان کاموں کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا ۔ امرائے پائیگاہ کی جانب سے تعمیر کی گئی اس عظیم الشان عمارت میں محکمہ تعلیم کی جانب سے طویل عرصہ تک حسینی علم گرلز جونیئر کالج چلایا جاتا رہا لیکن اس عمارت کے مخدوش ہونے کے بعد عمارت کے عقب میں واقع وسیع و عریض حسینی علم گرلز ڈگری کالج کے گوشہ میں جونیئر کالج کو منتقل کردیا گیا تھا اور خورشید جاہ کی دیوڑھی کی اس قدیم عمارت کو فلم سازی کے لئے دیا جانے لگا تھا اور تلگو فلم انڈسٹری کے کئی سرکردہ اداکاروں نے اس عمارت میں فلم کی شوٹنگ انجام دی تھی ۔ریاستی حکومت کو مسلسل توجہ دہانی کروائے جانے کے بعد سال 2022 ڈسمبر میں اس عمارت کی مرمت و آہک پاشی کو منظوری دی گئی جبکہ جون 2023 میں خورشید جاہ کی دیوڑھی کی مرمت و آہک پاشی کا آغاز کیا گیا لیکن چند ہفتوں کی سرگرمیوں کے بعد ان کاموں کو روک دیا گیا تھا کیونکہ انتظامی منظوریوں اور دیگر امور بالخصوص انتخابات کے سبب رکاوٹیں پیدا ہونے لگی تھیں لیکن اب اس عمارت کے کاموں کو دوبارہ شروع کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جلد ہی اس عمارت کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔3