دیپیکا پڈوکون اللو ارجن اور ایٹلی کی فلم میں شامل

   

ممبئی، 8 جون (آئی اے این ایس)۔ بالی وڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے باقاعدہ طور پر تلگو سوْپر اسٹار اللو ارجن اور ہدایت کار ایٹلی کی آنے والی فلم میں شمولیت اختیارکر لی ہے۔ سن پیکچرز کے بینر تلے بننے والی یہ فلم ایک شاندار شاہکار کے طور پر پیش کی جا رہی ہے۔ اس کا باضابطہ اعلان اللو ارجن کی43 ویں سالگرہ کے موقع پر اپریل میں کیا گیا تھا۔ فلم کا نام تاحال طے نہیں کیا گیا ہے۔سن پیکچرز نے انسٹاگرام پر اعلان کرتے ہوئے لکھا ملکہ دیپیکا فتح کے لیے روانہ ہوچکی ہیں! خوش آمدید ۔ یہ ایک شاندار پروجیکٹ ہے ۔ یہ پروجیکٹ دیپیکا اور ہدایت کار ایٹلی کے درمیان دوسرے اشتراک کا موقع ہے۔ اس سے قبل دونوں نے2023 کی بلاک بسٹر فلم جوان میں کام کیا تھا، جس میں شاہ رخ خان مرکزی کردار میں تھے۔نئی فلم دیپیکا پڈوکون اور اللو ارجن کے درمیان پہلا اسکرین اشتراک بھی ہوگا۔ اللو ارجن کو پشپا فرنچائز سے بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ہدایت کار ایٹلی اس سے پہلے تمل سنیما کی کئی ہٹ فلموں جیسے ‘‘مرسل’’، ‘‘تھیری’’ اور “بیگل” کے لیے جانے جاتے ہیں۔دیپیکا کا اس فلم میں شامل ہونا اْس وقت سامنے آیا ہے جب ان کے بارے میں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ وہ ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا کی فلم ‘‘اسپِرِٹ’’ سے تخلیقی اختلافات کی وجہ سے باہر ہوئی ہیں۔ اگرچہ اس فلم میں ان کی شمولیت کی کبھی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی تھی۔یہ نئی فلم باکس آفس پر ایک بڑی ہٹ ثابت ہونے کی امید ہے، جس میں ساؤتھ اور بالی وڈ سنیما کا امتزاج نظر آئے گا۔