حکومت کے منصوبے پر عمل آوری ، چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی مبارکباد
حیدرآباد۔10 اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے دیہی علاقو ںمیں صفائی اور شجرکاری کے علاوہ ان علاقوں کی ترقی کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اس کامیابی میں عہدیداروں کا کلیدی کردار ہے۔ چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں منعقدہ اجلاس کے دوران یہ بات کہی ۔ انہو ںنے اجلا س کے شرکاء کو دسہرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے 30یوم کے دوران دیہی علاقوں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے اور شجرکاری کو یقینی بنانے کیلئے جو منصوبہ تیار کیا تھا اس منصوبہ پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنایا گیا ہے۔چیف منسٹر نے اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ضلع کلکٹرس‘ سرپنچوں’ ڈی پی اوز‘ ایم پی ڈی اوز‘ گرام پنچایت‘ ویلیج سیکریٹریز کے علاوہ دیگر متعلقہ عہدیدارو ںکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے موضعات کی ترقی اور بہتری کیلئے ماہانہ 339 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا منصوبہ تیار ہے اور اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ حکومت حسب وعدہ ان امور پر جو خرچ کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے اس پر عمل آوری کیلئے سنجیدہ ہے۔جائزہ اجلاس کے دوران چیف منسٹر نے بہتر خدمات کی انجام دہی پر مرکزی حکومت سے ایوارڈ حاصل کرنے والے ضلع کلکٹرس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 2کروڑ روپئے تک کے فنڈس کی منظوری کا اختیار ضلع کلکٹرس کو دیا جائے تاکہ وہ دیہی ترقیات کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے میں ہونے والی دشواریوں کو ضلعی سطح پر ہی نمٹ سکیں۔چیف منسٹر نے دیہی علاقوں میں کچہرے کی نکاسی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے علاوہ کچہرے کو ضائع کرنے اور شجرکاری کے سلسلہ میں نشاندہی کردہ اراضیات کی تفصیلات اور جن مقامات پر پودے لگائے گئے ان کی مکمل تفصیلات کے متعلق آگہی حاصل کی۔عہدیداروں نے 30 یوم کے دوران انجام دئیے جانے والے کاموں کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہاکہ ان 30 یوم میں 12748 دیہاتوں میں پدیاترا مکمل کی گئی اور گرام سبھاؤں کے علاوہ کچہرے کی نکاسی کے سلسلہ میں کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی گئی ۔چیف منسٹر نے عہدیدارو ںکو مشورہ دیا کہ وہ آئندہ دنوں کے دوران ہریتا ہرم پراجکٹ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اقدامات کو یقینی بنائیں اور اس بات کی کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادہ عوام کو اس منصوبہ سے جوڑتے ہوئے انہیں شجرکاری کی جانب متوجہ کروایاجائے تاکہ ماحولیاتی تبدیلی کے متعلق عوام میں بھی شعور اجاگر ہو اور آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی کو ممکن بنایاجاسکے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گذشتہ 30یوم کے دوران 7کروڑ 32لاکھ پودے لگائے گئے ہیں اور اس کے ذریعہ 40ہزار 522کیلو میٹر کا احاطہ کیا گیا ہے اور جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس میں مزید 50ہزار کیلو میٹر کا احاطہ کیا جائے گا۔اس کے علاوہ دیہی ترقیاتی سڑکوں کی مرمت اور دیگر امور کی انجام دہی کے سلسلہ میں بھی عہدیداروں نے چیف منسٹر کو مکمل تفصیلات سے واقف کروایا اور کہا کہ اس منصوبہ کو مستقبل میں بھی جاری رکھتے ہوئے ریاست کو دیہی ترقیاتی امور میں سرفہرست بنانے کی کوشش کی جائے گی۔