دیہی علاقوں کی ترقی حکومت کی کارکردگی کا ثبوت

   

کانگریس اور بی جے پی کے قائدین حیدرآباد میں بیٹھ کر حکومت پر تنقید کررہے ہیں : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ عنقریب کسانوں کے قرضہ جات معاف کئے جائیں گے ۔ دیہی علاقوں میں ترقی کا طوفان امنڈ پڑا ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی کے قائدین حیدرآباد میں بیٹھ کر حکومت کے خلاف صرف تنقید برائے تنقید کررہے ہیں ۔ انہیں گاؤں کا دورہ کرنے پر حقیقی ترقی کا اندازہ ہوگا ۔ ضلع سدی پیٹ کے مختلف مقامات پر ترقیاتی کاموں میں حصہ لیتے ہوئے ہریش راؤ نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ساتھ ہی ضلع ملگ کے کونڈا لکشمن ہارٹیکلچر یونیورسٹی میں یونین بنک ملگ برانچ کا افتتاح کیا ۔ گجویل منڈل کے احمدی پور میں ڈبل بیڈ روم مکانات کا افتتاح کیا ۔ ہریش راؤ نے بنکرس کو مشورہ دیا کہ وہ ریتو بندھو اور آسرا پنشن حاصل کرنے والوں کو کوئی پریشانی ہونے نہ دیں۔ بہت جلد فاریسٹ کالج کو فاریسٹ یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر جائزہ لے رہے ہیں ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اندرون 7 سال ریاست تلنگانہ کی ملک بھر میں مثالی ترقی پیش کی ہے اور بے شمار فلاحی اسکیمات کو متعارف کرایا ہے ۔ جس کی مرکزی حکومت کے علاوہ ملک کی مختلف ریاستیں تقلید کررہے ہیں ۔ یہ ریاست کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سارے ملک میں تلنگانہ کی ترقی اور فلاحی اسکیمات کی ستائش ہورہی ہے ۔ مگر بی جے پی اور کانگریس کے قائدین مخالفت کی عینک لگا کر تلنگانہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ انہیں حیدرآباد کے اے سی آفسوں سے باہر نکلنے کی ضرورت ہے ۔ دیہی علاقوں کا دورہ کریں اور ترقی کا جائزہ لیں ۔ انہیں حقائق کا اندازہ ہوگا ۔ صرف احمدی پور گاؤں میں 6.25 کروڑ روپئے کے مصارف سے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا ہے ۔ علحدہ ریاست تلنگانہ میں کے سی آر کے چیف منسٹر بننے سے ترقی اور بہبود کی مضبوط بنیاد رکھی گئی ہے ۔ 24 گھنٹے ریاست میں برقی سربراہ ہورہی ہے ۔ زرعی شعبہ ترقی کی جانب گامزن ہے ۔ ریاست میں بڑے پیمانے پر قومی شاہراہوں کی توسیع ہوئی ۔ بڑے پیمانے پر آبپاشی پراجکٹس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ تالابوں کا احیا کیا گیا ہے ۔ بڑے پیمانے پر ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ نوجوانوں کو سرکاری و خانگی شعبوں میں روزگار کے مواقع دستیاب ہورہے ہیں ۔۔