دی کیرالہ اسٹوری’ میں من گھڑت حقائق اور ہیٹ اسپیچ، سپریم کورٹ میں بنگال حکومت نے کہا

   

نئی دہلی:مغربی بنگال حکومت نے منگل کو فلم ‘دی کیرالہ اسٹوری’ پر پابندی کے سلسلے میں سپریم کورٹ میں اپنا حلف نامہ داخل کیا۔ بنگال حکومت نے ریاست میں فلم پر پابندی لگانے کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے حلف نامے میں دلیل دی کہ فلم ‘دی کیرالہ سٹوری’ من گھڑت حقائق پر مبنی ہے اور اس میں ہیٹ اسپیچ کا استعمال کیا گیا ہے۔ مغربی بنگال حکومت نے اپنے حلف نامے میں یہ بھی کہا ہے کہ ‘ریاستی حکومت کو محکمہ انٹیلی جنس سے پتہ چلا ہے کہ اگر فلم کی اسکریننگ کی اجازت دی گئی تو مغربی بنگال میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو سکتی ہے’۔مغربی بنگال حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ‘فلم کی کہانی میں حقائق کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے اور اس میں غیر مہذب اور نفرت آمیز زبان کا استعمال کیا گیا ہے۔ اگر فلم کی ریلیز کی اجازت دی جاتی ہے تو ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و امان کی صورتحال بگڑ سکتی ہے۔