برہان الدین کے پی اے سے شاہنواز کے خلاف پولیس سے شکایت
حیدرآباد۔/24 مئی، ( سیاست نیوز) شہر میں چہارشنبہ کی صبح محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے بڑے پیمانے پر رئیل اسٹیٹ تاجرین کے مکانات و دفاتر پر دھاوے کئے جارہے تھے اسی وقت پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے ایک رئیل اسٹیٹ تاجر زبیر الدین نے فلک نما پولیس سے ایک شکایت درج کروائی کہ انہیں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے ایک معاملہ کو رفع دفع کرنے کیلئے 10 کروڑ کا دھوکہ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محمد زبیر الدین ولد محمد شاہنواز ساکن کنگس گارڈن فنکشن ہال فلک نما کے خلاف سابق میں وینکٹ رامن یادو نامی شخص نے نئی دہلی کے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ سے شکایت درج کروائی تھی۔ ای ڈی کے اس معاملہ کو رفع دفع کرنے کیلئے سید برہان الدین نامی شخص زبیر سے رجوع ہوکر ان سے 10 کروڑ روپئے کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ وہ ای ڈی میں اثر و رسوخ رکھتا ہے۔ زبیر الدین نے فلک نما پولیس سے کی گئی شکایت میں یہ بھی بتایا کہ سید برہان الدین نے وینکٹ رامن یادو نامی درخواست گذار کو دہلی لے جاکر ای ڈی کے دفتر میں مسئلہ کی یکسوئی کا بھی وعدہ کیا تھا۔ بعد ازاں زبیر الدین کو اس بات کا علم ہوا کہ وینکٹ رامن یادو کوئی اور نہیں بلکہ سید برہان الدین کا ہی پی اے ہے۔ 10 کروڑ کا مطالبہ کرنے اور دھمکانے کے نتیجہ میں محمد زبیر الدین نے فلک نما پولیس سے شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تعزیرات ہند کی دفعہ 420 ( دھوکہ دہی) 468 ( جعلسازی ) 471 ( نقلی دستاویزات کو اصلی ظاہر کرنا ) اور 506 ( دھمکانے ) کے تحت وینکٹ رامن یادو اور سید برہان الدین کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔ب