رائے دہندوں پر دباؤ ڈالنے پر سخت کارروائی کا انتباہ

   

میدک ۔20؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دیہی مجالس مقامی انتخابات کو پرامن اور شفافیت کے ساتھ انعقاد کے لئے محکمہ پولیس کی جانب سے ضلع میں ایس پی کماری جی چننا دپیتی کے زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس ضلع ایس پی کے چیمبر میں منعقد ہوا ۔ کماری دپتی نے کہا کہ ووٹوں کے حصول کے لئے اگر کسی امیدوار کی جانب سے رائے دہندوں پر دباؤ ڈالا گیاتو سخت کارروائی کی جائیگی ۔ قانون اپنا کام کرے گا۔ امیدوارکو چاہئے کسی بھی جماعت کا تائیدی ہو رائے دہندوں کو چاہئے کہ بلا خوف خطرہ اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کریں ۔ اگر کہیں قانون ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو تو پولیس کو اطلاع دیں جس کے لئے ڈائیل 100 رکھا گیا ہے ۔ ضلع ایس پی نے کہا کہ کوئی بھی مقابلہ کرنے والا امیدوار رائے دہندوں کو شراب اور روپیہ کا لالچ نہ دیں ۔ پولیس ایسے واقعات پر سختی کے ساتھ نمٹے گی ۔ انہوں نے پولیس آفیسروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران جس کسی کو شخص کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں ان پر نظر رکھیں ۔ اس اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایڈیشنل ایس پی مسٹر ناگراج ‘ ڈی ایس پی مسٹر کرشنا مورتی ‘ ایس پی سی آئی مسٹر ملیکا رجن ریڈی ‘ آئی ٹی کور سرکل انسپکٹر مسٹر گوردھن چاری ‘ ڈی سی آر بی سرکل مسٹر چندرنائک کے علاوہ ضلع سے تعلق رکھنے والے سرکل انسپکٹر ‘ سب انسپکٹر‘ پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔