رات کے 3 بجے مچھرمارنے کے بعد گنتی نہیں کرتے

,

   

نئی دہلی ۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر وی کے سنگھ نے آج کہاکہ دہشت گردوں کو نشانہ بنانے کے معاملہ میں عوام چاہتے ہیں کہ ہندوستان بھی اسرائیل کی تقلید کرے لیکن ایسا نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ہندوستان کے برخلاف اس ملک (اسرائیل) میں کبھی اپوزیشن جماعتیں ’آپریشن میونخ‘ جیسی کارروائی کرنے والی اپنی فوج پر سوال نہیں اٹھاتے اور ان کی توہین نہیں کرتے۔ وی کے سنگھ نے حکومت پر تنقید کرنے والے اپوزیشن قائدین، طلبہ، جہدکار اور میڈیا اداروں کو نشانہ بناتے ہوئے فیس بک پر آج ایک انتہائی تلخ و تند ریمارک کیا۔ پاکستان میں انڈین ایرفورسیس کے فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد پر جاری تنقیدوں کا جواب دینے کیلئے وی کے سنگھ نے مچھروںکی مثال دی اور سوال کیا کہ کوئی ان سے یہ توقع کرتا ہیکہ رات کے وقت مچھر مارنے کے بعد وہ آیا آرام سے سوجائیں گے یا پھر رات بھر مچھروں کی گنتی کرتے بیٹھے رہیں گے؟‘‘۔ وی کے سنگھ نے اپنے ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’’3:30 بجے رات بہت مچھر تھے۔ میں انہیں مارا کرتا ہوں۔ (مارنے کے بعد) کیا میں آرام کی نیند سوجاؤں یا پھر رات بھر مرے ہوئے مچھروں کی گنتی کرتا بیٹھا رہوں‘‘۔ مرکزی وزیر نے ’’ہندوستان کیوں اسرائیل نہیں بن سکتا؟‘‘ کی سرخی کے تحت فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ عوام، انتقام چاہتے ہیں اور توقع کررہے تھے کہ مودی ایک توپ کے ساتھ پاکستان میں گھس جائیں اور تمام پاکستانیوں کو ’ختم کردیں‘۔ وزیر نے مزید لکھا کہ ’’ہمیں راتوں رات اسرائیل جیسا انداز اختیار کرلینا چاہئے تھا لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔ اگر مودی وہاں ہوتے تو مجھے توقع ہوسکتی تھی اور بھروسہ رہتا کہ ہم انتقام لیں گے۔ یہ گھمسان کارروائی ہوسکتی تھی۔ 100 گنا زیادہ شدید۔ لیکن ہندوستان، اسرائیل تو نہیں ہوسکتا اور اسرائیل نہیں ہوگا‘‘۔ کیونکہ اسرائیل میں جے این یو نہیں ہے جہاں کے نوجوان قوم دشمن نعرے لگاتے ہیں۔ وہاں (اسرائیل میں) ایسی عدالتیں نہیں ہیں جو دہشت گردوں کی خدمت کیلئے رات کے 2 بجے کھل جاتی ہیں اور نہ ہی دہشت گردوں کے انسانی حقوق کی دہائی دینے والے جرنلسٹس ہیں۔ یہی وجہ ہیکہ اسرائیل نے جب ’’آپریشن میونخ‘‘ کیا تو اس ملک کی اپوزیشن نے اپنے ملک کی فوج سے ثبوت طلب کرتے ہوئے ان کی توہین نہیں کی تھی۔