راجستھان میںبی جے پی وعدے کے مطابق کام نہیں کرپارہی: گہلوت

   

جے پور: راجستھان کے سابق وزیر اعلی اور کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر وعدے کے مطابق کام نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نہ تو وعدے کے مطابق پٹرول ۔ڈیزل کی قیمتیں گجرات اور ہریانہ کے برابر اور نہ ہی مہنگائی سے راحت دینے کے لئے پہلے سے جاری اسکیموں کو مضبوط کرسکی ہے ۔ گہلوت نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا، “ہماری حکومت نے مہنگائی ریلیف کیمپس کا انعقاد کر کے عوام کو 10 ریلیف اسکیمیں دی تھیں، جن میں 100 یونٹ مفت گھریلو بجلی بھی شامل تھی۔ اس کی وجہ سے تقریباً 1.04 کروڑ صارفین کے بل صفر ہو گئے تھے اور مہنگائی سے بڑی راحت ملی تھی۔انہوں نے کہا کہ ان اسکیموں کو آگے بڑھانے کی گارنٹی وزیر اعظم نریندر مودی اسمبلی انتخابات میں دے کر گئے ، لیکن راجستھان حکومت اس گارنٹی کو جھوٹا ثابت کر رہی ہے ۔ نئے گھریلو بجلی صارفین اور ماضی میں رجسٹریشن نہ کرانے والے صارفین کے لئے نئی حکومت نے کوئی طریقہ کار ہی طے نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے تقریباً 30 لاکھ صارفین متاثر ہو رہے ہیں۔