بیکانیر، 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال نے کہا ہے کہ راجستھان میں اقتدارکے دو مراکز ہیں، جس کی وجہ سے کانگریس میں زبردست پھوٹ مچی ہوئی ہے ۔ مسٹر میگھوال نے گزشتہ رات صحافیوں کو بتایا کہ کانگریس کی اپنی تاریخ ہمیشہ سے ہی خرید و فروخت سے ریاستی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک، گوا اور مدھیہ پردیش کی حکومتوں کو تو یہ سنبھال نہیں سکی۔ کرناٹک میں کانگریس اور جے ڈی ایس کے نا روا اتحاد کی وجہ سے ، مدھیہ پردیش میں سندھیا کو مطمئن نہ کرپانا اور گوا میں اپنے انچارج کے الرٹ نہ رہنے کی وجہ سے ان کی حکومتیں گر گئیں۔انہوں نے کہا کہ اب جب بات راجستھان کی آئی تو یہاں بھی وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کورونا بحران کے دوران بہت سی ویڈیو کانفرنسنگ کی، لیکن ڈپٹی سی ایم سچن پائلٹ ایک بھی ویڈیو کانفرنس میں پیش نہیں ہوئے ۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ان دونوں کے مابین کوئی ہم آہنگی نہیں ہے ۔