راجستھان میں بس حادثہ ،7ہلاک 20 زخمی

   

جئے پور ۔ 6 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) 7افراد بشمول ایک خاتون ہلاک اور دیگر 20 زخمی ہوگئے ۔ جب کہ ایک تیز رفتار بس ایک اور بس کے عقبی حصہ سے ٹکراگئی جو راجستھان کے ضلع پالی میں سڑک پر ایک کنارے کھڑی کی گئی تھی ۔ یہ حادثہ کین پورہ چوراہے کے قریب پیش آیا ۔ دونوں بسوں میں ڈرائیوروں کے علاوہ مسافر بھی سوار تھے ۔ سینڈراؤ پولیس اسٹیشن کے انچارج ڈھولا رام نے کہا کہ تیز رفتار بس احمدآباد سے جئے پور جارہی تھی ۔ 4افراد برسرموقع ہلاک ہوگئے اور دیگر تین نے دواخانہ میں دوران علاج دم توڑ دیا ۔ ڈھولا رام نے کہا کہ زخمیوں میں سے جن کی تعداد 19ہیں تشویشناک حالت میں ہیں اور پالی کے بنیادی حفظان صحت مرکز قصبہ رانی میں اور پالی کے ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں ۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے اور ملزم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ مہلوکین میں 38سالہ چمپا دیوی ، 22سالہ چنی لال ، 22سالہ ارجن سنگھ ،19سالہ پونم سنگھ ، 35سالہ پپو رام اور 35سالہ گردھاری سنگھ کے علاوہ 22سالہ راول سنگھ بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جملہ 7 افراد حادثہ کے دوران ہلاک ہوگئے جن میں سے چار برسرموقع اور باقی تین دواخانہ میں فوت ہوئے ۔