جے پور: راجستھان میں ہولی کے رنگ لگانے سے روکنے پرشر پسندوں نے نوجوان کا گلا دبا کر قتل کردیا ۔ پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ راجستھان کے دوسہ ضلع میں ایک 25 سالہ نوجوان کو مبینہ طور پر گلا گھونٹ کر ہلاک کر دیا گیا کیونکہ اس نے ہولی سے پہلے تین افراد کو اس پر رنگ لگانے سے روکنے کی کوشش کی۔حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ چہارشنبہ کی شام رالواس گاؤں میں پیش آیا جب اشوک، ببلو اور کالورام تینوں نے ہنسراج پر رنگ لگانے کے لیے ایک مقامی لائبریری پہنچے جو وہاں مسابقتی امتحانات کی تیاری میں مصروف تھا۔ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) دنیش اگروال نے بتایا کہ جیسے ہی ہنس راج نے رنگوں میں رنگنے سے انکار کیا تو تینوں نے اسے لات ماری اور بیلٹوں سے پیٹا اور ان میں سے ایک نے اس کا گلا گھونٹ کر مار ڈالا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گاؤں میں کہرام مچ گیا اور ہنسراج کے ارکان خاندان نے گاؤں والوں کے ہمراہ ہنسراج کی نعش کے ساتھ احتجاج کیا اور علاقہ میں قومی شاہراہ کو بلاک کردیا جو جمعرات کی صبح 1 بجے تک جاری رہا۔ہنس راج کے ارکان خاندان نے ملزم تینوں کی فوری گرفتاری اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔