حیدرآباد۔ راجندر نگر میں بور بچہ نے پھر ایک مرتبہ دہشت مچاتے ہوئے مویشیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ راجندر نگر کے والم تھری فارم ہاوز میں صبح کے وقت بور بچہ نے مویشیوں کو نشانہ بناتے ہوئے ایک بچھڑے کو ہلاک کردیا۔ جاریہ سال مئی میں آرام گھر چوراہے کے قریب سڑک پر دکھائی دینے والا بور بچہ غائب ہوگیا تھا اور اس کی مسلسل تلاش جاری ہے۔ محکمہ جنگلات اور پولیس عہدیداروں کی جانب سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے اسے پکڑنے کی کوشش کی گئی تھی۔ سابق میں بور بچہ اگریکلچرل یونیورسٹی کے احاطہ میں دیکھا گیا تھا اور بعد ازاں حمایت ساگر میں اس کی نقل و حرکت کو دیکھا گیا تھا۔ محکمہ جنگلات کی جانب سے بور بچہ کو پکڑنے کیلئے کوششیں کی جارہی تھیں لیکن کامیابی حاصل نہ ہوئی۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس راجندر نگر کے اشوک چکرورتی نے بتایا کہ مقامی عوام نے انہیں اطلاع دی کہ بور بچہ نے مویشیوں کو نشانہ بنایا ہے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔ والم تھری فارم ہاوز کے قریب ملازمت کرنے والے نعیم بن احمد اور فاریسٹ رینج آفیسر شام نے بتایا کہ حمایت ساگر اور احاطہ والم تھری میں جنگلی جانور کی نقل و حرکت کو دیکھا گیا ہے اور اسے پکڑنے کیلئے کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔